سری نگر،2 اگست(یو این آئی) جموں وکشمیر حکومت نے اپنی پرانی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے یوم آزادی کی تقریبات میں سرکاری ملازمین کی شرکت کو لازمی قرار دے دیا ہے۔جموں و کشمیر حکومت کے مختلف محکموں بالخصوص جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ ہر ایک سرکاری ملازم کا فرض بنتا ہے کہ وہ یوم آزادی کی مناسبت سے منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت کریں۔جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ جس کا کام کاج خود اس یونین ٹریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا دیکھ رہے ہیں، نے سرکولر نمبر 16 جی اے ڈی آف 2024 مورخہ 2 اگست 2024 میں تمام سرکاری عہدیداروں سے کہا ہے کہ وہ 15 اگست کی تقریبات میں اپنی حاضری یقینی بنائیں۔محکمے کے کمشنر سکریٹری سنجیو ورما کی جانب سے جاری اس سرکولر میں کہا گیا ہے: ‘یوم آزادی ایک اہم قومی دن ہے جو ہر سال 15 اگست کو منایا جاتا ہے۔ ہر سرکاری ملازم کا فرض بنتا ہے کہ وہ اس موقع کی مناسبت سے منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت کریں’۔
سرکولر میں کہا گیا ہے کہ تمام افسران جو جموں اور سری نگر میں تعینات ہیں، سے تاکید کی جاتی ہے کہ وہ یوم آزادی کے موقع پرمولانا آزاد سٹیڈیم جموں اور بخشی اسٹیڈیم سری نگر میں منعقد ہونے والی تقریبات میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔
اس میں کہا گیا ہے: ‘غیر حاضر رہنے کے لئے اپنے افسر سے اجازت طلب کرنا ضروری ہے۔تمام ایڈمنسٹریٹو سکریٹریز، محکموں کے سربراہوں، منیجنگ ڈائریکٹروں، چیف ایگزیکٹوز و دیگر افسران بھی تقاریب میں شرکت کریں’۔
بتادیں کہ گرمائی دارالحکومت سری نگر میں یوم آزادی کی سب سے بڑی تقریب ہائی سیکورٹی زون بخشی اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی۔دریں اثنا سری نگر میں یوم آزادی کی تقریبات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے او ر ملک دشمن عناصر کے کسی بھی منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے سیکورٹی فورسز نے گاڑیوں اور راہگیروں کی تلاشی لینے کا سلسلہ وسیع اور تیز کردیا ہے۔سیکورٹی فورسز اور جموں و کشمیر پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہر اور اس کے مضافات میں مختلف مقامات پر ناکے بٹھائے گئے ہیں جہاں گاڑیوں، مسافروں اور راہگیروں کی تلاشیاں لی جارہی ہیں۔ بخشی اسٹیڈیم میں یوم آزادی کی تقریب کے احسن انعقاد کے لئے اس کے گرد ونواح میں سیکورٹی کا سخت بندوبست کیا گیا ہے۔
کسی بھی ناگہانی واقعہ سے نمٹنے کے لئے اسٹیڈیم کے گرد و نواح میں پولیس اور نیم فوجی دستوں کی نفری کو تعینات کیا گیا ہے۔