نئی دہلی (یو این آئی) قومی راجدھانی خطہ میں منگل کو بھی ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ ہڈیوں کو ٹھنڈا کرنے والی سردی کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا دارالحکومت کے کئی علاقوں میں صبح دھند چھائی رہی دارالحکومت میں آنے والے دنوں میں سردی مزید بڑھ سکتی ہے درجہ حرارت میں بھی کمی کا سلسلہ جاری ہے اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث میدانی علاقوں میں سردی بڑھنے لگی ہے اور لوگوں کو ٹھنڈی ہواؤں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔قومی راجدھانی میں کم سے کم درجہ حرارت 8.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 17 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔ دارالحکومت میں صبح کے وقت مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہا اور ہوا 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔
گزشتہ سال اس دن کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ 18 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔محکمہ موسمیات نے آج صبح 3 بجے سے بدھ کی صبح 3 بجے تک 24 گھنٹوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔محکمہ موسمیات کا اندازہ ہے کہ دہلی اور اس سے ملحقہ علاقوں جیسے نوئیڈا، غازی آباد وغیرہ میں اگلے سات دنوں میں شدید سردی پڑ سکتی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16 سے 18 ڈگری سیلسیس سے نیچے رہنے کا امکان ہے۔دہلی میں ہوا کے معیار کا انڈیکس 269 ماپا گیا، جسے خطرناک زمرے میں شمار کیا جاتا ہے۔
آج صبح 8.30 بجے تک پالم میں حد نگاہ 1200 میٹر تھی، جب کہ صفدرجنگ میں 500 میٹر ریکارڈ کیا گیا، کم بصارت کی وجہ سے دہلی ریجن میں آنے والی کئی ٹرینیں تاخیر سے چل رہی ہیں، جس سے مسافروں کو کافی پریشانی کا سامنا ہے۔ دہلی میں تقریباً 26 ٹرینیں مقررہ وقت سے پیچھے چل رہی ہیں اور آنے والی ٹرینیں چھ گھنٹے تک تاخیر کا شکار ہو سکتی ہیں۔