ممبئی(ایجنسیاں)مشہور و معروف اداکار سیف علی خان پر دیر شب ہوئے قاتلانہ حملہ پر ایک ہنگامہ برپا ہے۔ ایک طرف سیف علی خان آپریشن کے بعد آئی سی یو میں منتقل کر دیے گئے ہیں، اور دوسری طرف ممبئی پولیس سرگرمی کے ساتھ حملہ آور کی تلاش کر رہی ہے۔ اس معاملے میں کسی کی گرفتاری تو نہیں ہوئی ہے، لیکن ملزم کی ایک تصویر ضرور سامنے آئی ہے جو پولیس کی ایک بڑی کامیابی کہی جا سکتی ہے۔
خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ چوری کے ارادہ سے ایک شخص سیف علی خان کے گھر میں گھسا تھا۔ جب اس کا سیف علی خان سے سامنا ہوا اور سیف نے مزاحمت کی تو وہ چاقو سے حملہ کرنے لگا۔ سیف کے جسم پر حملے کے 6 نشان بتائے گئے ہیں، جن میں سے کچھ سنگین زخم ہیں۔ اب ملزم کی جو پہلی تصویر سامنے آئی ہے، اس میں وہ سیڑھیوں سے نیچے اترتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ اس کی تصویر سیڑھیوں پر لگے سی سی ٹی وی میں قید ہو گئی ہے۔ اس تصویر کی بنیاد پر ہی حملہ آور کی تلاش شروع ہو گئی ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں حملہ آور پیٹھ پر ایک بیگ ٹانگے ہوئے دکھائی دے رہا ہے۔ یہ فوٹیج دیر رات 2.33 بجے کا ہے۔ اس فوٹیج کو سامنے رکھ کر پولیس نے کچھ اہم جانکاریاں حاصل کر لی ہیں۔ پولیس نے ملزم کی شناخت بھی کر لی ہے اور اس کے گھر کا بھی پتہ لگا لیا ہے۔ پولیس اس کے گھر گئی بھی تھی، لیکن وہ گھر پر موجود نہیں ملا۔ پولیس زور و شور سے کے ساتھ حملہ آور کی تلاش کر رہی ہے۔ پولیس کی 10 ٹیمیں سیف علی خان پر ہوئے اس حملہ کی جانچ کر رہی ہیں۔
اس درمیان پولیس سیف علی خان کے گھر پہنچ کر گہرائی سے جانچ کرتی ہوئی نظر آئی اور کچھ لوگوں سے پوچھ تاچھ بھی کی گئی۔ سیف علی خان کے گھر انکاؤنٹر اسپیشلسٹ دیا نایک بھی پہنچے ہیں جنھوں نے واقعہ سے متعلق وسیع جانچ کی۔ دیا نایک ممبئی انڈرورلڈ سے نمٹنے میں اپنے کردار کے لیے مشہور ہیں۔ مبینہ طور پر دیا نے اپنے کیریئر میں تقریباً 80 انکاؤنٹر کیے ہیں۔ذ رائع کی اطلاع کے مطابق بالی وڈ کے معروف اداکار سیف علی خان پر گزشتہ رات چاقو سے حملہ کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ایک شخص رات دو بجے ان کے گھر میں گھس آیا اور وہاں موجود ملازمہ سے جھگڑا شروع کر دیا۔ جب سیف علی خان نے مداخلت کی اور درانداز کو سمجھانے کی کوشش کی، تو اس نے اداکار پر چاقو سے حملہ کیا اور انہیں 6 مختلف جگہوں پر زخمی کیا، جن میں ایک گردن اور ایک کمر کے قریب گہری چوٹیں شامل ہیں۔ اس واقعہ کے بعد سیف علی خان کو فوری طور پر لیلاوتی اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس کے مطابق سیف علی خان کے گھر میں ایک شخص نے دراندازی کی اور اس نے ملازمہ سے جھگڑا کیا، جس کے بعد اداکار نے مداخلت کی۔ پولیس کے ابتدائی بیان کے مطابق، درانداز ممکنہ طور پر ایک پائپ لائن کے ذریعے گھر میں داخل ہوا۔ اس وقت سیف کی اہلیہ کرینہ کپور اور بچے گھر میں موجود نہیں تھے اور وہ رات کو اپنی بہنوں کرشمہ کپور، سونم کپور اور ریا کپور کے ساتھ پارٹی میں مصروف تھیں۔سیف کی پی آر ٹیم نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے عوام سے درخواست کی کہ وہ سیف کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کریں اور میڈیا میں صبر کا مظاہرہ کریں۔ اب تک سیف علی خان پر حملہ کرنے والے درانداز کی شناخت نہیں ہو سکی ہے اور پولیس اس بات کی تفتیش کر رہی ہے کہ آیا یہ چوری کی نیت سے کیا گیا حملہ تھا یا کچھ اور۔