نئی دہلی(ایجنسیاں): پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) نے غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) ٹریبونل کےفیصلے کے خلاف سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے جس میں مرکزی حکومت کی طرف سے اس پر لگائی گئی پانچ سالہ پابندی کو درست قرار دیا گیا ہےتاہم جسٹس انیرودھ بوس اور بیلا ایم ترویدی کی بنچ یہ کہتے ہوئے سماعت ملتوی کردی کہ درخواست گذار کو التواء پر ایک مکتوب روانہ کردیاگیاہے۔
اپنی درخواست میں، پی ایف آئی نے یو اے پی اے ٹریبونل کے 21 مارچ کے حکم کو چیلنج کیا جس کے ذریعے اس نے مرکز کے 27 ستمبر 2022 کے فیصلے کی تصدیق کی تھی۔مرکزی حکومت نے آئی ایس آئی ایس جیسی عالمی دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ مبینہ روابط اور ملک میں فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی کوشش کرنے پر پی ایف آئی پر پانچ سال کے لیے پابندی عائد کرتے ہوئےپی ایف آئی اور اس کے ساتھیوں یا ملحقہ اداروں کو "غیر قانونی ایسوسی ایشن” قرار دیا تھا۔تنظیم پر پابندی لگانے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مرکزی حکومت کی پختہ رائے ہے کہ پی ایف آئی اور اس کے ساتھیوں، ملحقہ اداروں یا محاذوں کو یو اے پی اےکے تحت فوری اثر کے ساتھ "غیر قانونی ایسوسی ایشن” قرار دینا ضروری ہے۔اس نے کہا تھا کہ یو اے پی اے کے سیکشن 4 کے تحت کیے جانے والے کسی بھی حکم کے تابع، سرکاری گزٹ میں اس کی اشاعت کی تاریخ سے پانچ سال کی مدت کے لیے نافذ العمل ہوگا۔
گزشتہ سال ستمبر میں سات ریاستوں میں چھاپوں کے دوران پی ایف آئی سے مبینہ طور پر منسلک 150 سے زیادہ افراد کو حراست میں لیا گیا یا گرفتار کیا گیا۔16 سالہ گروپ کے خلاف ایجنسیوں کی طرف سے ایک پین انڈیا کریک ڈاؤن کے نتیجے میں اس کے سو سے زائد کارکنوں کو گرفتار کیا گیا اور کئی درجن املاک ضبط کی گئیں۔وزارت داخلہ (ایم ایچ اے) کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ پی ایف آئی کے بانی ارکان میں سے کچھ اسٹوڈنٹس اسلامک موومنٹ آف انڈیا (سیمی) کے رہنما ہیں، اور پی ایف آئی کا جماعت المجاہدین بنگلہ دیش (جے ایم بی) سے تعلق ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ پی ایف آئی کے عالمی دہشت گرد گروپوں جیسے اسلامک اسٹیٹ آف عراق اینڈ سیریا کے ساتھ بین الاقوامی روابط کی بہت سی مثالیں ہیں۔