حیدرآباد: شہرحیدرآباد میں نکالئے گئے رام نومی جلوس میں بابائے قوم مہاتماگاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کے پورٹریٹ کونمایاں طورپر دکھا یاگیا۔ خاص بات یہ بھی ہے کہ اس جلوس کی قیادت بی جے پی سے معطل رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ نے کی۔
شوبھایاتراکے دوران جس کی قیادت متنازعہ لیڈرنے کی،چندشرکاء کو ہاتھوں میں زعفرانی پرچم تھامے دیکھا گیا،جوناتھو رام گوڈسے کی تصویرکے ساتھ نغموں پر رقص کرتے ہوئے نظرآئے۔ اس یاترا میں سینکڑوں افراد شریک تھے جس کا آغازسیتارام باغ کی ایک مندر سے ہوااوریہ یاتراگوشہ محل علاقہ کے مختلف مقامات سے گزری۔
حلقہ گوشہ محل سے ٹی راجہ سنگھ اسمبلی میں نمائندگی کرتے ہیں۔ شوبھا یاترا کے پر امن انصرام کیلئے پولیس نے بڑے پیمانے پر سیکوریٹی انتظامات کئے تھے۔ جلوس کے گزرنے والے راستوں پر سینکڑوں پولیس جوانوں کو تعینات کیاگیاتھا۔اس کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرونس کے ذریعہ جلوس پر نظررکھی گئی۔پولیس کمشنرسی وی آنند‘انٹگر یٹیڈ کمانڈاینڈکنٹرول سنٹر سے جلوس پر نظر رکھے ہوئے تھے۔خبروں کے مطابق شہر میں رام نومی کے موقع پرنکالی گئی شوبھایاتراپرامن رہی اورکہیں سے کسی ناخوشگوار واقعہ کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔