سری نگر7نومبر(یو این آئی) جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹرفاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ ملازمین اور حکومت ایک گاڑی کے پہئے ہوتے ہیں اسی بنیاد پر حکومتی مشینری صحیح ڈھنگ سے چل سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ سرکار کے اعلیٰ حکام اور ادنیٰ اہلکار اسی تناظر میں لوگوں کی صحیح خدمت کرنے کے اہل ہوسکتے ہیں اور ملازمین کو ہمیشہ دل کو اس بات کی جگہ کرنی چاہئے کہ ہم عوام خصوصاً غریب اور پسماندہ لوگوں کی خدمت کرنے کیلئے وقف ہوتے ہیں۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے اپنی رہائش گاہ پر آئے سرکاری محکموں کے نمائندوں سے خطاب کے دوران کیا۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ملازمین وفد کے مشکلات اور مسائل غور سے سُنے اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ اُن کے جائز مطالبات وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور متعلقہ وزراءکی نوٹس میں لاکر ان کا ازالہ کرانے کی حد درجہ کوشش کی جائے گی۔ ملازمین وفد نے اپنے اپنے مسائل و مشکلات اور مطالبات کو تحریری طور پر آگاہ کیا۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ ملازمین دوست اقدامات اُٹھائے تاکہ سرکاری مشینری احسن طریقے سے چلے۔ نیشنل کانفرنس نے ہی یہاں لگ بھگ تمام پے کمیشن لاگو کئے، ریٹائرمنٹ کی حد 55سے 58اور پھر58سے60کرائی۔انہوں نے کہاکہ ہماری حکومتوں کے وقت وقت پر ملازمین کے ایسے مطالبات کو پورا کیا جن کی مانگ وہ سالہاسال سے کررہے تھے۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے وفود سے کہا کہ گذشتہ برسوں کے دوران یہاں کے ملازمین کو کن کن مشکلات اور سختیوں کا سامنا کرناپڑا ہے۔ باہر کی افسرشاہی نے یہاں کے ملازمین کو کس طرح سے تنگ اور ہراساں کیا اور ناروا سلوک روا رکھا۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ملازمین کو تاکید کی کہ اپنے فرائض تندہی اور دیانتداری کیساتھ انجام دیں اور ورک کلچر میں شفافیت لائیں۔