جالندھر، 15 اگست (یو این آئی) پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت سنگھ مان نے جمعرات کو 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر ریاستی سطح کے یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب نے آزادی حاصل کرنے کی بہت بھاری قیمت ادا کی ہے۔مسٹرمان نے مقامی گرو گووند اسٹیڈیم میں ترنگا لہرایا۔ عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پنجاب میں مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔ اس موقع پر ریاست کے چیف سکریٹری انوراگ ورما اور ڈائرکٹر جنرل آف پولیس گورو یادو موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب نے ملک کے سبز انقلاب میں اہم کردار ادا کیا لیکن اس کی بھی بھاری قیمت چکانی پڑی ہے۔ انہوں نے اولمپکس میں تمغہ جیتنے والی ہندوستانی ہاکی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے 11 میں سے 10 کھلاڑی پنجاب سے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں زیر زمین پانی کی سطح 600 فٹ نیچے جا چکی ہے۔ پنجاب کی اے اے پی حکومت نے پانی کے پرانے ذرائع کو دوبارہ زندہ کیا ہے۔ نہروں رجباہوں میں پانی آیا ہے اور پائپ ڈال کر نہروں سے پانی کو کھیتوں تک پہنچانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ 78 واں یوم آزادی منایا جا رہا ہے اور اتنے برسوں میں ملک کا پہلا مالوا کینال پروجیکٹ پنجاب میں شروع کیا گیا۔
مسٹر مان نے کہا کہ 28 ستمبر کو شہید بھگت سنگھ کے یوم پیدائش کے موقع پر موہالی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ان کا مجسمہ نصب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہلوارہ بین الاقوامی ہوائی اڈہ بھی تیار کیا جا رہا ہے اور اسے شہید کرتار سنگھ سرابھا کے نام سے منسوب کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے نجی شعبے کا جی وی کے گوئندوال پاور پلانٹ خرید لیا ہے۔ اب پنجاب بجلی فروخت کرنے لگا ہے۔ پچھلے چند مہینوں میں 300 کروڑ روپے کی بجلی فروخت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک دو کروڑ مریض محلہ کلینک سے اپنا علاج کروا چکے ہیں۔