نئی دہلی(ایجنسیاں): گجرات میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں اور تمام جماعتیں انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ دریں اثنا، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اہم مسائل اٹھائے ہیں۔ اس کے ساتھ انہوں نے عوام سے 3 اہم وعدے بھی کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر گجرات میں کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو ملازمین کو ان کا حق دیا جائے گا۔
راہل گاندھی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا، "کانگریس کا پختہ وعدہ۔ کنٹریکٹ ورکرز کو مستقل ملازمت فراہم کی جائے گی۔ پرانی پنشن اسکیم (او پی ایس) بحال ہوگی، بروقت ترقی دی جائے گی، جو کہ راجستھان میں نافذ کر دیا گیا ہے۔ اب گجرات میں بھی کانگریس کی حکومت بنتے ہی ملازمین کو ان کا حق حاصل ہو جائے گا۔‘‘
اس سے قبل 29 اکتوبر کو راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے گجرات میں کانگریس کی انتخابی مہم کا آغاز کیا تھا۔ گجرات ماڈل کو کھوکھلا بتاتے ہوئے انہوں نے راجستھان کی طرز پر گجرات میں بھی سرکاری ملازمین کے لئے پرانی پنشن اسکیم لاگو کرنے کا وعدہ کیا۔ اشوک گہلوت نے کنٹریکٹ ملازمین کو دیوالی کا تحفہ دیا تھا۔ انہوں نے دیوالی سے عین قبل کہا تھا کہ ’’ہم نے کنٹریکٹ ورکرز کو ریگولر کرنے کے لیے دروازے کھولنے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ تقریباً 110000 کنٹریکٹ ورکرز کے سماجی تحفظ کو یقینی بنائے گا۔ گہلوت نے کہا تھا کہ میں ان تمام لوگوں کو مبارکباد دیتا ہوں جو اس فیصلے سے مستفید ہوں گے اور میں ان کے روشن مستقبل کی خواہش کرتا ہوں۔