نئی دہلی: دہلی میں رات سے ہورہی لگاتار مگر ہلکی بارش کے درمیان یہ امید کی جارہی ہے کہ آلودگی کی سطح میں شاید کمی آئے گی۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی تھی کہ جمعہ کو دہلی-این سی آر میں بارش ہو سکتی ہے۔ یہ بارش اس وقت ہوئی ہے جب دہلی حکومت فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے اوڈ ایون سسٹم اور مصنوعی بارش نافذ کرنے کا منصوبہ بنا رہی تھی جو انتہائی سنگین سطح پر پہنچ چکی ہے۔دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے کہا تھا کہ آلودگی کی سطح کو کم کرنے کے لیے دہلی میں 20 سے 21 نومبر تک مصنوعی بارش کی جائے گی۔ماضی میں آلودگی کی بڑھتی ہوئی سطح کو دیکھتے ہوئے دہلی حکومت نے موسم سرما کی تعطیلات دسمبر کے بجائے 9 نومبر سے 18 نومبر تک ری شیڈول کر دی ہیں۔
اس درمیان خبروں میں بتایا گیا ہے کہ تازہ بارش کے باوجود دہلی اب بھی ہندوستان کے 10 آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں شامل ہے۔ آج صبح ہریانہ کا سونی پت ملک کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں سرفہرست رہا۔ سونی پت میں آلودگی کی حالت ایسی ہے کہ یہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 415 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تاہم دیگر شہروں کی حالت بھی سونی پت سے بہتر نہیں ہے۔ کئی شہروں کا ایئر کوالٹی انڈیکس 400 سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ملک کے 10 آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں ہریانہ کے چار شہر ہیں۔ اتر پردیش کے تین اور بہار اور پنجاب کے ایک ایک شہر شامل ہیں۔ اس فہرست میں دہلی بھی شامل ہے۔
سونی پت کے بعد ہریانہ کا کیتھل دوسرے نمبر پر ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 415 ریکارڈ کیا گیا۔ وہیں اتر پردیش کا میرٹھ تیسرے نمبر پر ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 411 تھا۔ اس کے ساتھ ہی ہریانہ کے فرید آباد اور جند چوتھے اور پانچویں مقام پر ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس بالترتیب 408 اور 400 ریکارڈ کیا گیا۔ ان تمام شہروں میں آلودگی کی سطح سنگین زمرے میں ہے۔ وہیں دہلی اس فہرست میں چھٹے نمبر پر ہے۔
دہلی میں کل رات سے وقفے وقفے سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو رہی ہے۔ اس کے باوجود، یہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 393 ریکارڈ کیا گیا۔ ساتویں نمبر پر بہار کا پورنیہ ہے جہاں 388 ایئر کوالٹی انڈیکس درج کیا گیا۔اسی طرح آٹھویں نمبر پر اتر پردیش کا گریٹر نوئیڈاہے،جہاں کاایئر کوالٹی انڈیکس 386 بتایا گیا ہے۔ نویں نمبر پر پنجاب کا بھٹنڈہ ہے،جہاں 377ایئر کوالٹی انڈیکس بتایا گیا۔ دسویں نمبر پراتر پردیش کا غازی آباد ہے،جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 374 پوئنٹ درج کیا گیا۔