سنجے لیلا بھنسالی کو تھپڑ مارنے کے واقعے کے بعد سکھ دیو سنگھ گوگامیڑی پورے ملک میں زیر بحث آگئے تھے
جئے پور: راشٹریہ راجپوت کرنی سینا کے سربراہ سکھدیو سنگھ گوگامیڑی کو جے پور میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ جے پور کے پولیس کمشنر بیجو جارج جوزف کے مطابق سکھدیو سنگھ گوگامڑی کو بدمعاشوں نے گولی ماری اوراسپتال میں موت کی تصدیق ہوئی۔ خبروں کے مطابق گولی چلانے کے لیے آنے والے بدمعاشوں میں سے ایک کی بھی موت ہو گئی ہے۔ اطلاع کے مطابق منگل کو دوپہر تقریباً 1.30 بجے شیام نگر علاقے میں سکھدیو سنگھ گوگامیڈی پر گولیاں چلائی گئیں۔ انہیں تشویشناک حالت میں پرائیویٹ اسپتال لے جایا گیا، جہاں انہوں نے دم توڑ دیا۔ فائرنگ کے بعدحملہ آور فرار ہو گئے۔ ایک ملزم بھی گولی لگنے سے زخمی ہوا اور دم توڑ گیا۔ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے ملزم کی تلاش کر رہی ہے۔
راشٹریہ راجپوت کرنی سینا کے سربراہ سکھدیو سنگھ گوگامیڑ ی کے قتل کے بعد گوگامیڑی کے حامی اور راجپوت کرنی سینا سے وابستہ لوگ جے پور کے اسپتال کے باہر جمع ہوگئے ہیں۔ یہ لوگ اس قتل کے خلاف احتجاج میں مصروف ہیں۔ وہاں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ اس قتل کے خلاف ممکنہ احتجاج کے مدنظر پولیس بھی چوکس ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ 2017 میں جے پور میں فلم پدماوت کی شوٹنگ کے دوران راجپوت کرنی سینا نے فلم کے سیٹ پر توڑ پھوڑ اور احتجاج کیا تھا۔ سنجے لیلا بھنسالی کو تھپڑ مارنے کے واقعے کے بعد سکھ دیو سنگھ گوگامیڑی پورے ملک میں زیر بحث آگئے تھے۔گوگامیڑی کئی سالوں تک کرنی سینا سے وابستہ رہے۔ لیکن، لوکندر سنگھ کلوی کے ساتھ تنازعہ کی وجہ سے، انہوں نے الگ ہو کر راجپوت کرنی سینا کے نام سے ایک تنظیم بنا لی۔
لوکندر سنگھ کلوی کی موت کے بعد سکھدیو سنگھ گوگامیڑی راجپوت برادری کے بڑے لیڈر کے طور پر ابھرے تھے۔ سکھ دیو سنگھ گوگامیڑی کے خلاف کئی مجرمانہ مقدمات درج ہیں۔ وہ سیاست میں بھی سرگرم رہے اور بہوجن سماج پارٹی کے ٹکٹ پر دو بار الیکشن لڑے، تاہم جیت نہ سکے۔ سال 2020 میں فلم اداکارہ کنگنا رناوت اور شیوسینا رہنما سنجے راوت کے درمیان لفظوں کی جنگ کے دوران سکھ دیو سنگھ گوگامڑی کنگنا رناوت کی حمایت میں کھڑے ہو گئے تھے۔ اس دوران راجپوت کرنی سینا نے کنگنا رناوت کی حمایت میں کئی مقامات پر مظاہرہ بھی کیا تھا ۔