بھوپال، 16 جولائی (یو این آئی) مدھیہ پردیش میں نرسنگ گھوٹالے پر ایف آئی آر درج کرانے کے لیے ریاستی کانگریس کے صدر جیتو پٹواری اور اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر امنگ سنگھار دیگر کانگریس لیڈروں کے ساتھ آج یہاں ٹی ٹی نگر پولیس اسٹیشن پہنچے اور شکایت درج کروائی۔ اس حوالے سے پولیس کو ایک درخواست دی گئی۔
مسٹرپٹواری اور مسٹرسنگھار نے الزام لگایا ہے کہ ریاست میں نرسنگ گھوٹالہ گزشتہ کئی سالوں سے چل رہا ہے، جس میں اس وقت کے تعلیم اور طبی وزیر وشواس سارنگ پوری طرح ملوث ہیں۔ کانگریس رہنماوں نے مسٹر سارنگ کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے لئے ٹی ٹی نگر پولیس اسٹیشن میں درخواست دی۔ پولیس نے درخواست لینے اور تحقیقات کے بعد کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ریاستی کانگریس صدر نے الزام لگایا کہ ریاست میں نرسنگ گھوٹالے کے ملزمین کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ریاست کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت انہیں تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ نرسنگ گھوٹالہ ریاست کے نوجوانوں اور طب کی تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کے ساتھ ایک بڑا گھوٹالہ ہے جس کی وجہ سے ان کا مستقبل تباہ ہو گیا ہے۔