سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ خانہ کعبہ کا غسل دینے کا اعزاز حاصل کیا ۔ اس سے پہلے انہو ںنے طواف اور نماز ادا کی اس غسل میں انہوں نے شاہ سلمان کی طرف سے شرکت کی ۔ ولی عہد کے ساتھ شہزادہ ولی عبدالعزیز بن ترکی بھی ان کے ہموارتھے۔ شیخ عبدالرحمان السدیس نے ان کی پرتباک استقبال کیا ۔ مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں غسل کعبہ کی سالانہ رسم پیر کو ادا کی گئی۔
اس موقع پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی نمائندگی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے کی اور کعبہ شریف کو غسل دینے کا اعزاز حاصل کیا۔سپیشل ایمرجنسی فورس غسل کعبہ کی رسم کے موقع پر تعینات کی گئی۔ حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس، اسلامی ملکوں کے سفارتکاروں، علما، شاہی خاندان کے افراد اور منتخب شخصیات نے غسل کعبہ کی سعادت حاصل کی۔ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی بن فیصل کے ہمراہ مسجد حرام پہنچے جہاں صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبدالعزیز السدیس نے ان کا استقبال کیا۔شہزادہ محمد بن سلمان نے مسجد حرام آمد کے بعد پہلے بیت اللہ کا طواف کیا اور دو رکعت نوافل ادا کیں۔ اس کے بعد عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان خانہ کعبہ کے اندر تشریف لے گئے جہاں انہیں غسل دینے کا شرف حاصل ہوا۔
پھر انہوں نے سنتیں ادا کیں۔غسل کعبہ شریف میں ولی عہد کے ہمراہ طائف کے گورنر شہزادہ سعود بن نہار بن سعود بن عبدالعزیز، گورنر جدہ سعود بن عبداللہ بن جلاوی، کبار علما کونسل کے رکن الشیخ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمید، ڈاکٹر عبداللہ بن محمد المطلق، معزز رکن الشیخ ڈاکٹر سعد بن ناصر الشتری اور جید عالم دین الشیخ ڈاکٹر بندر بن عبدالعزیز بلیلہ نے غسل کعبہ شریف کے بابرکت عمل میں حصہ لیا۔غسل کعبہ عرق گلاب اور اعلی درجے کے عود سے معطر آب زمزم سے دیا جاتا ہے۔ اس موقع پر کعبہ کی اندرونی دیواروں کو کپڑے سے صاف کیا گیا۔
غسل کعبہ کی رسم میں 45 لٹر آب زمزم استعمال کیا جاتا ہے جبکہ طائف کے گلاب کا عرق 50 تولہ اور اعلی درجے کا عود آب زمزم میں ملاکر استعمال کیا جاتا ہے۔مسجد الحرام میں صفائی کے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل کے مطابق غسل کعبہ میں استعمال ہونے والی تمام اشیا پر چاندی کی پرت چڑھی ہوتی ہے۔ اس کام کے لیے چاندی کے داندانوں والی 4 جھاڑو استعمال ہوتی ہیں۔ غسل کعبہ سے قبل جھاڑو سے خانہ کعبہ کی گرد صاف کی جاتی ہے۔