نئی دہلی(ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک): شمالی ہندوستان میں کڑاکے کی سردی شروع ہو چکی ہے۔ پہاڑی ریاستوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے اور یہی وجہ ہے کہ میدانی علاقوں میں سرد لہر چل رہی ہے۔ اے بی پی نیوز کی رپورٹ کے مطابق دہلی کے لوگوں کے لیے گزشتہ رات بہت سرد رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کی رات دہلی کا درجہ حرارت شملہ سے بھی نیچے چلا گیا تھا۔
دہلی میں کم سے کم درجہ حرارت 6.0 ڈگری سیلسیس رہا، جو معمول سے 2 ڈگری کم ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری تک گر گیا۔ شملہ کی بات کریں تو وہاں کا کم سے کم درجہ حرارت دہلی سے زیادہ ہے۔ شملہ میں کل رات کم سے کم درجہ حرارت 7-8 ڈگری سیلسیس تھا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
شملہ میں اتوار کو یعنی آج بھی کم سے کم درجہ حرارت 7.0 ڈگری سیلسیس رہے کا امکان ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 17 ڈگری سیلسیس رہے گا۔ آج کی رات بھی دہلی میں شملہ سے زیادہ سردی رہنے کا امکان ہے، رات کا کم سے کم درجہ حرارت 6.0 ڈگری سیلسیس رہے گا اور دن میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری سیلسیس تک جائے گا۔
ایک طرف، شمالی ہندوستان میں شدید سردی جاری ہے، وہیں ممبئی میں درجہ حرارت بڑھ رہا ہے۔ ہفتہ کو لگاتار دوسرے دن ممبئی میں ملک میں دن کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ آئی ایم ڈی کی سانتا کروز آبزرویٹری میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارست 35.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
دن کا درجہ حرارت 3 دنوں سے بڑھ رہا ہے، جس سے ممبئی والوں کے لیے گرمی اور بے چینی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جمعرات کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جو جمعہ کو بڑھ کر 35.6 ڈگری تک پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات کے حکام نے درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ ہوا کے رخ کو قرار دیا ہے۔