نئی دہلی (ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک):بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ اس وقت ہندوستان کے دورہ پر ہیں۔ انھوں نے آج دوپہر اجمیر درگاہ پہنچ کر زیارت کی اور پھر سخت سیکورٹی کے درمیان واپس ہو گئیں۔ شیخ حسینہ اپنے نمائندہ وفد کے ساتھ خصوصی طیارہ سے آج صبح ہی جئے پور بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچیں۔ ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریاست کے وزیر تعلیم بی ڈی کلا اور اعلیٰ افسران نے شیخ حسینہ کا استقبال کیا۔ یہ نمائندہ وفد ہوائی اڈے کے وی آئی پی لاؤنج میں کچھ دیر رکا، اور پھر قافلہ سڑک کے راستہ اجمیر کے لیے روانہ ہوا۔ اجمیر میں غریب نواز خواجہ معین الدین حشن چشتی کی درگاہ پہنچ کر شیخ حسینہ نے زیارت کی اور پھر واپسی کی راہ اختیار کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اجمیر میں غریب نواز خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر شیخ حسینہ کی آمد کو دیکھتے ہوئے تقریباً 9 گھنٹے کے لیے عام زائرین کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی تھی۔ اجمیر ضلع انتظامیہ نے صبح 8 بجے درگاہ میں داخلہ پر روک لگاتے ہوئے درگاہ علاقہ کو خالی کروا دیا تھا۔ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کے درگاہ دورہ کے دوران سیکورٹی اسباب کی بنا پر انتظامیہ نے عام زائرین کے داخلے پر یہ پابندی لگائی تھی۔ چونکہ شیخ حسینہ درگاہ کی زیارت کر واپس ہو چکی ہیں، اس لیے 3 بجے کے بعد درگاہ کو عام زائرین کے لیے کھول دیا گیا۔