نینی تال، 27 نومبر (یو این آئی) اتراکھنڈ کی اترکاشی مسجد تنازعہ کیس میں ریاستی حکومت نے بدھ کو ہائی کورٹ کو یقین دلایا کہ حکومت مسجد کو مناسب سیکورٹی فراہم کر رہی ہے اور مہاپنچایت کے لیے ہندو تنظیموں کو کوئی اجازت نہیں دی گئی ہے۔
اقلیتی خدمت کمیٹی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت قائم مقام چیف جسٹس منوج کمار تیواری اور جسٹس وویک بھارتی شرما کی ڈبل بنچ میں ہوئی۔
عرضی گزار کی جانب سے عدالت نے آج پھر مسجد کی حفاظت اور یکم دسمبر کو ہونے والی مہاپنچایت کی اجازت نہ دینے کا مطالبہ کیا گیا ۔اس کے جواب میں ریاستی حکومت نے کہا کہ بھٹواڑی روڈ پر واقع جامع مسجد کو مناسب سیکورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس اہلکار دن رات نگرانی کرہے ہیں۔
حکومت نے مزید کہا کہ ضلع انتظامیہ نے ہندو تنظیموں کو مہاپنچایت کے لیے کوئی اجازت نہیں دی ہے۔عدالت نے حکومتی وکیل کا بیان قلمبند کرتے ہوئے آئندہ سماعت 5 دسمبر کی تاریخ مقرر کردی۔