نئی دہلی، 27 نومبر (یو این آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی نے کہا کہ اگر عوام صحیح پارٹی اور صحیح امیدوار کو ووٹ دیں تو پانچ سال تک علاقے کی ترقی ہوتی ہے۔
محترمہ آتشی نے بدھ کو بدر پور اسمبلی میں منعقدہ ورکرز کانفرنس میں عام آدمی پارٹی کے کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دہلی کے لوگ ایک کام کرنے والی حکومت چاہتے ہیں، اس لیے سب نے عہد کیا کہ اروند کیجریوال کو دوبارہ دہلی کا وزیر اعلیٰ بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن میں عوام صرف ایک دن کے لیے ووٹ ڈالنے جاتے ہیں لیکن عوام کے اس ایک ووٹ کا اثر پانچ سال تک رہتا ہے۔ اگر لوگ صحیح پارٹی اور صحیح امیدوار کو ووٹ دیں تو پانچ سال تک علاقہ ترقی کرتا ہے لیکن اگر لوگ غلط پارٹی کے امیدوار کو ووٹ دیتے ہیں تو انہیں پانچ سال تک اس کا خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا، ”پانچ سال پہلے بدر پور اسمبلی میں بھی ایسا ہی ہوا تھا۔ بدر پور کے لوگ پچھلے پانچ برسوں سے اس غلطی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم ایل اے کے انتخاب کی وجہ سے یہاں کام ٹھپ ہو گیا۔ اکثر بدر پور کے لوگ کہتے ہیں کہ یہاں پانی کا مسئلہ ہے، گٹر کا مسئلہ ہے، سڑک کا مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدر پور کے لوگوں کو فروری میں اسے ٹھیک کرنے کا موقع ملنے والا ہے۔ بدر پور کے لوگ دہلی کے مختلف حصوں میں جا کر دیکھتے تھے کہ جہاں عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے ہیں وہاں ترقی تیز رفتاری سے ہو رہی ہے۔ وہاں سڑکیں بن رہی ہیں، پانی سیوریج کی لائنیں بچھائی جا رہی ہیں لیکن بدر پور میں یہ کام نہیں ہو رہے ہیں۔ اس لیے بدر پور کے لوگوں کے پاس اب ایک موقع ہے کہ وہ اے اے پی کے امیدوار رام سنگھ نیتا جی کو منتخب کرکے یہ تمام کام کروائیں۔
محترمہ آتشی نے کہا، "اروند کیجریوال دہلی کے مختلف حصوں میں مسلسل 10 برسوں سے عام لوگوں کے لیے کام کر رہے ہیں۔ دہلی کی تاریخ میں کئی لیڈر آئے، پارٹیاں آئیں اور گئیں، لیکن اگر دہلی کی تاریخ میں کوئی ایسا لیڈر ہے جس نے دہلی کے عام لوگوں، دہلی کے غریبوں کے بارے میں سوچا ہو، تو وہ شخص مسٹر اروند کیجریوال ہیں۔