پٹنہ، 14 اکتوبر، (یواین آئی )وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے سمستی پور ضلع کے سرائے رنجن بلاک کے رام نگر نرگھوگھی میں نو تعمیر گورنمنٹ انجینئرنگ کالج کا افتتاح نیم پلیٹ کی نقاب کشائی کرکے اور فیتہ کاٹ کر کیا۔ سرائے رنجن واقع سمستی پور گورنمنٹ انجینئرنگ کالج کے افتتاح کے بعد وزیراعلیٰ نے گورنمنٹ انجینئرنگ کالج کی عمارت کا معائنہ کیا اور وہاں کی تعلیمی سہولیات اور انتظامات کے بارے میں معلوم کیا۔
اس موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں آپ سب کا دل کی گہرائیوں سے خیرمقدم کرتا ہوں۔ مجھے خوشی ہے کہ آج مجھے انجینئرنگ کالج کے افتتاح میں شرکت کا موقع ملا ہے۔ سال 2015 میں سات عزائم منصوبہ میں ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ ہر ضلع میں انجینئرنگ کالج قائم کیے جائیں گے۔ سمستی پور میں اسی جگہ پر انجینئرنگ کالج کے ساتھ ساتھ میڈیکل کالج کے لیے جگہ دستیاب کرائی گئی ہے۔ نو تعمیر شدہ انجینئرنگ کالج کا آج افتتاح کیا جا رہا ہے۔ میڈیکل کالج اور اسپتال کی تعمیر کا کام بھی تیز رفتاری سے جاری ہے۔ اس کی تعمیر کا کام جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ اس نوتعمیر شدہ انجینئرنگ کالج میں ہر قسم کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ طلباء کو پڑھائی میں کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ جن طلبا کا داخلہ ہوا تھا وہ مظفر پور میں پڑھ رہے تھے۔ اب وہ یہاں آکر پڑھائی شروع کریں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم بہار کالج آف انجینئرنگ کے بھی طالب علم رہے ہیں، اس لیے طلبہ کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ بہار کالج آف انجینئرنگ ملک کے قدیم ترین کالجوں میں سے ایک تھا۔ یہ ملک کے چار پانچ اہم انجینئرنگ کالجوں میں سے ایک رہا ہے۔ قابل احترام اٹل جی کی حکومت میں، جب ہم مرکز میں وزیر تھے، ہم نے بہار کالج آف انجینئرنگ کو این آئی ٹی کا درجہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں انجینئرنگ کالج قائم ہو چکے ہیں اور کئی جگہ میڈیکل کالج بھی بنائے گئے ہیں۔ ہم لوگوں نے سوچا ہے کہ اب ہر ضلع میں میڈیکل کالج اور ہسپتال بنائیں گے تاکہ لوگوں کو علاج میں زیادہ سے زیادہ سہولتیں مل سکیں۔ بھوجپور بکسر اور کٹیہار میں میڈیکل کالج کا کام چل رہا ہے۔ تمام اضلاع میں پولی ٹیکنیک انسٹی ٹیوٹ قائم کیے گئے ہیں۔ پولی ٹیکنیک انسٹی ٹیوٹ میں طلبہ کے لیے پڑھائی کی سہولیات کے ساتھ ساتھ ہاسٹل کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔