پٹنہ(یو این آئی) اردو ڈائریکٹوریٹ (محکمہ کابینہ سکریٹریٹ) کے ڈائرکٹراحمد محمود نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اردو صحافت کی دو صدی مکمل ہونے کے موقع پر”بھاشا سنگم "کا خصوصی صحافت نمبر جلد نکالا جائے گا۔ یہ یقین دہانی انہوں نے جمعرات کو یہاں پروفیسر کلیم الدین احمد اورعلامہ واقف عظیم آبادی یادگاری تقریب کے اختتام پر اظہار تشکر کے دوران شرکاء کو کرائی۔ انہوں نے کہا کہ اس کی تیاری شروع ہوچکی ہے۔ کچھ مقالات آئے ہیں۔ انہوں نے اہل ذوق حضرات اورصحافیوں سے تعاون کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ اردوصحافت کے دو سو سال مکمل ہونے کے موقع پر "جشن اردو صحافت”منانے کی غرض سے اس کاخاکہ بنانے کے لئے جلد ہی اردو صحافیوں اور دانشوروں کے ساتھ میٹنگ کی جائے گی۔
اس سے قبل کلیم الدین احمد یادگاری تقریب میں اپنے مقالے میں سنئیر صحافی اورعوامی نیوز پٹنہ کے چیف ایڈیٹر ڈاکٹر ریحان غنی نے اردو ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر احمد محمود سے اردو صحافت کی دو صدی مکمل ہونے کے موقع پر "بھاشا سنگم ” کا ضخیم خصوصی صحافت نمبر شائع کرنےکی گذارش کی تھی جس میں اس بات کا بھر پور جائزہ لیا جائے کے دو سو سال میں اردو صحافت نے کیا کھویا اور کیا پایا۔ ساتھ ہی "جشن اردو” کی طرح ہی "جشن اردو صحافت” بھی منایا جائے۔ ڈاکٹر ریحان غنی کی اس تجویز کی تائید اپنے صدارتی خطبے میں پروفیسر رئیس انور اورپروفیسر اعجاز علی ارشد نے بھی کی۔