نئی دہلی (یو این آئی)غیر نصابی سرگرمیاں طلباء کو ٹیم ورک، انفرادی اور گروہی ذمہ داری، جسمانی طاقت اور برداشت، مسابقت، تنوع، اور ثقافت اور برادری کے احساس کی قدریں سیکھنے کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔یہ بات اسکول کے سربراہ آفتاب انصاری نے کہی۔انہوں نے کہا کہ کھیل غیر نصابی سرگرمیوں میں سے ایک ہے۔ کھیلوں کی سرگرمیاں اسکول کے دنوں میں طلبہ کی مجموعی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ طلبہ اسکول کے کھیلوں میں اپنے اعتماد، ذہنی چوکنا رہنے اور خود اعتمادی کو بڑھانے کے لیے حصہ لیتے ہیں۔
ان باتوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے برائٹ آئی گلوبل اسکول نے اسکول کے احاطے میں یوم کھیل منایا۔ یہ اسکول حال ہی میں جیت پور کھڈا کالونی میں بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے وژن کے ساتھ کھولا گیا ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر شفیع الزمان ندوی (ڈائریکٹر، ملت آئیڈیل پبلک اسکول) مہمان خصوصی تھے اور اس کی نظامت محترمہ حیات مشکور (استاد) نے کی۔انہوں نے کہا کہ یہ سب سکول کی انتظامیہ کے تخلیقی خیال سے ممکن ہوا۔ کھیلوں کے مختلف مقابلوں میں میوزیکل چیئر، ریس، پاسنگ دی بال، بال بیلنسنگ، فراگ جمپ، بسٹ دی بیلون، ٹگ آف وار، تین ٹانگوں والی ریس وغیرہ شامل تھے۔پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو مہمان خصوصی نے میڈلز سے نوازا۔