نئی دہلی(ہندوستان ایکسپریس نیوز بیورو)نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر سنیچر کی رات کمبھ جانے والی ٹرین میں سوار ہونے کے لیے لوگوں کا ایک بہت بڑا ہجوم جمع ہوگیا جس کی وجہ سے اچانک بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔ اس میں کئی لوگ مرے بھی ہیں جبکہ کچھ لوگ بے ہوش ہو گئے، جنہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ریلوے پولیس کے مطابق اچانک بھیڑ بڑی تعداد میں بڑھ گئی جس کی وجہ سے دم گھٹنے جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔ چار افراد، جن کی حالت قدرے تشویشناک تھی، کو اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ خبر یہ بھی ہے کہ ایل این جے پی اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کو دوسرے مریضوں سے خالی کروایا گیا ہے،تاکہ زخمیوں کو یہاں فوری مدد دی جاسکے۔خبر یہ بھی ہے کہ کچھ لوگوں کی موت ہوئی ہے۔حکام نے اموات کی تصدیق نہیں کی ہے۔
فی الحال ریلوے اور دہلی پولیس حالات کو قابو کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ یہ واقعہ اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 16-14 پر پیش آیا۔ خبروں کے مطابق یہ واقعہ رات 9 بجکر 55 منٹ پر پیش آیا۔ کمبھ کی دو خصوصی ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوئیں، جس کی وجہ سے بھیڑ بڑھ گئی۔ خاص بات یہ بھی ہے کہ دہلی پولیس کی ریلوے یونٹ نے بھگدڑ کی ابتدا میں تردید کی ہے، لیکن بہت سے لوگوں نے بیہوش ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
کئی مسافروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ لفٹ میں آگ لگنے کی خبر پھیلتی ،جس کے بعد ہی خوف وہراس پھیل گیا۔ فی الحال پولیس نے اسٹیشن کے اندر داخلہ بند کر دیا ہے۔ کچھ مسافروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ تاہم کسی کی موت کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔افراتفری میں کئی مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، جنہیں فوری طبی امداد دی جا رہی ہے۔ ریلوے اسٹیشن پر صورت حال پر قابو پانے کے لیے اضافی سیکیورٹی فورسز کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ فائر بریگیڈ کی چار گاڑیاں بھی موقع پر پہنچ گئی ہیں اور بچاؤ کام جاری ہے۔
دریں اثناءریلوے انتظامیہ نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ پرسکون رہیں اور افواہوں پر توجہ نہ دیں۔ریلوے حکام پورے معاملے کی جانچ کر رہے ہیں کہ ٹرینیں کیوں منسوخ کی گئیں اور مناسب انتظامات کیے گئے تھے یا نہیں۔ متاثرہ مسافروں کے لیے خصوصی ہیلپ لائن نمبر جاری کیے جا سکتے ہیں۔ اس واقعہ سے مسافر ناراض ہیں اور ریلوے انتظامیہ پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔