ممبئی: اداکارہ سوارا بھاسکر نے ہولی کے موقع پر مسلمان خاندان سے بدتمیزی پر آواز اٹھاتے ہوئے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔اداکارہ نے بجنور کے مسلمان خاندان سے یکجہتی کا اظہار کیااور کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ہندو تہوار صرف ان جتھوں کےلیے ہیں جن کےلیے کوئی ضابطہ یا قانون نہیں۔یاد رہے کہ ہولی کے تہوار پر ہندو انتہاپسندوں کی مسلمان خاندان سے بدتمیزی کی ویڈیو سامنے آئی تھی۔ اترپردیش کے شہر بجنور میں مسلمان خاندان کو گھیر کر پانی کی بالٹی انڈیلی تھی، رنگ زبردستی چہروں پر لگایا تھا۔
This is criminal physical assault, bullying & plain wrong! Shameful that this is what Hindu festivities are for mobs who have impunity from the highest powers in the land. This looking good on you?? @myogiadityanath @myogioffice @PMOIndia_RC @PMOIndia @narendramodi @Uppolice https://t.co/JDkIXYQKGU
— Swara Bhasker (@ReallySwara) March 24, 2024
خبروں کے مطابق ہولی کھیلنے والے کچھ نوجوانوں نے راستے میں مسلم خاندان کو روک کر زبردستی گیلے رنگ ان پر ڈالے۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوجوان کے چہرے پر پہلے رنگ زبردستی لگایا جاتا ہے۔ اس کے بعد لڑکی اور عمر رسیدہ خاتون پر گیلا رنگ پھینکا جاتا ہے۔ ایک نوجوان عمر رسیدہ خاتون کے گالوں پر بھی رنگ ڈال رہا ہے۔ خاندان کی مخالفت کے باوجود یہ زبردستی جاری رہتی ہے۔
بجنور پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کر کے 4 لوگوں کو گرفتار کیا ہے، جن میں سے 3 نابالغ ہیں۔ بجنور پولیس نے اس کارروائی کی اتوار کو جانکاری دی ہے۔
ہفتہ کو ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بجنور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نیرج جادون نے کہا تھا، ’’بجنور پولیس نے آج صبح سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والہ ایک ویڈیو کا نوٹس لیا ہے۔ اس وائرل ویڈیو میں کچھ لوگ ایک بائک کو روک کر اس پر سوار لوگوں کو پریشان کر رہے ہیں اور زبردستی ان پر رنگ ڈال رہے ہیں۔ بجنور پولیس ان لوگوں کی شناخت کر رہی ہے۔ سی او دھام پور کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ متاثرہ خاندان سے بات کریں، شکایت لیں اور مقدمہ درج کریں۔‘‘
پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ دھام پور سروم سنگھ نے بی بی سی کو بتایا، ’’اس معاملے میں موٹر سائیکل پر سوار متاثرہ کے خاندان کی شناخت کر لی گئی ہے۔ اس خاندان کا تعلق دھام پور تھانہ علاقے کے گاؤں جمال پور سے ہے۔ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔‘‘ گزشتہ سال بھی دھام پور بحث میں آیا تھا۔ پچھلے سال بھی دھام پور میں بھگت سنگھ چوک علاقے میں کچھ مسلم خواتین پر رنگین غبارے پھینکنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ اس ویڈیو کو کئی سیاستدانوں نے بھی فیس بک پر شیئر کیا تھا۔ دھام پور ایک بار پھر خبروں میں ہے۔