نئی دہلی، 27نومبر (یو این آئی) آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) نے معروف کانگریسی لیڈراور آ ل انڈیا کانگریس کمیٹی کے اقلیتی شعبہ کے میڈیا کے کام کو دیکھنے والے سید عدنان اشرف کو دہلی میں ہونے والے دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) انتخاب کے لئے میڈیا کوآرڈی نیٹر بنایا گیا ہے سابق رکن پارلیمنٹ اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے دہلی، ناگالینڈ، تریپورہ اور سکم کے انچارج ڈاکٹر اجے کمارکے دستخط جاری خط میں کہا گیا ہے کہ آپ کو اطلاع دیتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ آپ کو دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی)2022کے انتخاب کے لئے میڈیا کوآرڈینٹر مقرر کیا گیا ہے۔وہ مسٹر انل بھاردواج چیرمین میڈیا کمیٹی ایم سی ڈی الیکشن کے ساتھ تال میل پیدا کرکے اپنے کام کو انجام دیں گے۔
واضح رہے کہ سید عدنان اشرف آل انڈیا کانگریس کمیٹی شعبہ اقلیت کی کارکردگی اور اس کے چیرمین رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا عمران پرتاپ گڑھی کی سرگرمیوں کو میڈیا تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ مسٹر اشرف کی وجہ سے کانگریس کا شعبہ اقلیت سرخیوں میں رہتا ہے اور اس کی کارکردگی اور سرگرمیوں لوگ واقف ہوتے ہیں اور اس سے منسلک ہورہے ہیں۔