سنبھل:دارالعلوم دیوبند (شعبہ عربی) کے استاذ حضرت مفتی محمد مزمل صاحب بدایونی اور شعبہ تجوید وقرات کے استاذ حضرت قاری آفتاب احمد صاحب آج بروز جمعرات بتاریخ 16 شعبان 1444 مطابق 9 مارچ 2023 النور پبلک اسکول، نخاسہ، سنبھل تشریف لائے۔ ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی نے دونوں اسکولوں (القلم پبلک اسکول اور النور پبلک اسکول) میں رائج تعلیمی نظام کے متعلق مختصر رپورٹ دونوں حضرات کے سامنے پیش کی۔ دورانِ گفتگو حضرت مفتی محمد مزمل صاحب بدایونی نے کہا ایسے اسکولوں وکالجوں کے قیام کی اشد ضرورت ہے جہاں عصری علوم کے ساتھ بچوں کی بہترین تربیت کا انتظام ہو۔ حضرت مولانا قاری آفتاب احمد صاحب نے کہا کہ مدارس کی بقا کی کوشش کے ساتھ ہمیں معیاری اسکول قائم کرنے چاہئیں تاکہ ہماری نسلیں دنیا میں بہتر مقام حاصل کرکے آخرت میں کامیابی حاصل کرنے والی بنیں۔
ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی نے کہا کہ وہ علماء کرام کی سرپرستی میں ایک ایسی تحریک شروع کرنا چاہتے ہیں کہ جس سے زیادہ سے زیادہ اسکولوں وکالجوں کا قیام کرکے آنے والی نسلوں کو دینی ضروری معلومات فراہم کرکے انہیں عصری علوم سے آراستہ کیا جائے۔ 2019 میں النور پبلک اسکول کے قیام سے لے کر آج تک دارالعلوم دیوبند، جامعہ ملیہ اسلامیہ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اساتذہ وقتاً فوقتاً القلم پبلک اسکول اور النور پبلک اسکول میں رہنمائی کے لئے تشریف لاتے رہتے ہیں۔ ہت کم عرصہ میں دونوں اداروں (القلم پبلک اسکول اور النور پبلک اسکول) نے شہر سنبھل میں بڑی مقبولیت حاصل کی ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی نے دونوں مہمانوں کو مفتی محمد جنید قاسمی، مولانا محمد تنظیم قاسمی، مولانا سبحان آصف قاسمی، مولانا مقیم الرحمن ندوی اور قاری محمد عاصم کی موجودگی میں اپنی نئی تین کتابیں (دروس قرآن، دروس حدیث اور سیرت النبی ﷺ کے چند پہلو) بطور ہدیہ پیش فرمائیں۔