ناسک(ایجنسیاں): مہاراشٹر میں ناسک-شرڈی شاہراہ پر جمعہ کی صبح ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں 10 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق ناسک-شرڈی شاہراہ پر پاٹھارے کے قریب عقیدت مندوں سے بھری بس ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ناسک پولیس کے مطابق سائی بابا کے عقیدت مندوں کو لے جانے والی بس کے ٹرک سے ٹکرانے سے 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے نے ناسک-شرڈی ہائی وے پر بس حادثے میں لوگوں کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا اور مرنے والوں کے لواحقین کو 5-5 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
حادثے میں 25 سے 30 مسافروں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ یہ بس سنار-شرڈی ہائی وے پر پاٹھارے گاؤں کے قریب حادثے کا شکار ہوئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ بس عقیدت مندوں کو ممبئی کے امبرناتھ سے شرڈی لے جا رہی تھی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ بس اور ٹرک کو بری طرح نقصان پہنچا۔ ہلاک شدگان کی شناخت کا کام جاری ہے اور حادثے کی وجہ معلوم کی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ممبئی سے شرڈی آنے والی ٹورسٹ بس میں کل 45 مسافر سوار تھے، جن میں سے 10 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 7 خواتین اور 3 مرد شامل ہیں۔ بس کی ایک سائیڈ مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ قریبی سائی بابا اسپتال میں زیری علاج زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔