الریاض(ایجنسیاں)ٹائمز ہائر ایجوکیشن نے میڈیکل یونیورسٹیوں کی درجہ بندی جاری کر دی۔ میڈیکل کی تعلیم میں سب سے اوپر آکسفورڈ یونیورسٹی آگئی۔اس سال سعودی عرب کی دو یونیورسٹیوں نے بھی میڈیکل کی تعلیم کے حوالے سے فہرست میں جگہ بنا لی ہے۔
"ٹائمز ہائر ایجوکیشن” کی رینکنگ کا العربیہ ڈاٹ نیٹ نے جائزہ لیا جس سے واضح ہوا کہ برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی پہلی سب سے بہتر یونیورسٹی قرار پائی۔ اس یونیورسٹی میں میڈیکل کی تعلیم ایک روایتی کورس پر مشتمل ہے جو ایک پری کلینکل مرحلے اور دیگر طبی مراحل پر تقسیم ہے۔انڈرگریجویٹ سطح پر ہر سال تقریباً 150 طلباء کو قبول کیا جاتا ہے، مزید 30 طلباء کو پوسٹ گریجویٹ کورس میں قبول کیا جاتا ہے۔ ابتدائی چند سالوں کے لیے طلبہ کو نظریاتی طور پر مریضوں سے بہت کم رابطے کے ساتھ پڑھایا جاتا ہے۔ مطالعہ کے بعد کے سالوں میں وہ طبی مرحلے میں چلے جاتے ہیں اور جان ریڈکلف ہسپتال میں زیادہ وقت گزارتے ہیں۔
دوسرے نمبر پر بھی برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی آئی۔ اس کے بعد امریکہ کی ہارورڈ، پھر برطانیہ کا امپیریل کالج اور پھر چائنیز یونیورسٹی آف چنگہوا نے مقام بنایا۔چھٹے نمبر پر امریکن اسٹینفورڈ یونیورسٹی ساتویں نمبر پر کینیڈین یونیورسٹی آف ٹورنٹو، آٹھویں رینکنگ میں برطانیہ کی یو سی ایل یونیورسٹی، پھر نویں نمبر پر امریکن ییل یونیورسٹی اور دسویں نمبر پر کنگز کالج لندن یونیورسٹی رہی۔طب کی تعلیم کے لیے بہترین عرب یونیورسٹی سعودی عرب کی کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی تھی جو دنیا میں 94 ویں نمبر پر ہے۔ اس کے بعد عرب دنیا کی امام محمد بن سعود یونیورسٹی دنیا میں 101 ویں نمبر پر ہے۔