لکھنؤ:24ستمبر(یواین آئی)سماج وادی پارٹی(ایس پی)صدر اکھلیش یادو نے کہا کہ پولیس مجرمین کے خلاف کاروائی کر انہیں سزا دلانے کے بجائے بی جے پی کے سیاسی ایجنڈے کے لئے کام کررہی ہے۔یادو نے منگل کو کہا کہ بی جےپی حکومت نے اترپردیش کو لاقانونیت میں دھکیل دیا ہے۔ بدعنوانی، بجٹ کی لوٹ، معصومین پر جھوٹے مقدمے، فرضی انکاونٹر، بڑھتے جرائم سے ریاست کی شبیہ خراب ہورہی ہے۔ اس کے لئے ریاست کی بی جے پی حکومت ذمہ دار ہے۔ پولیس انتظامیہ من مانی پر آمادہ ہے۔ بی جے پی حکومت نے سات سال کے میعاد کار میں ایسا ماحول بنا دیا ہے کہ آج کوئی بھی خود کو محفوظ محسوس نہیں کررہا ہے۔ اصلی مجرمین اور واقعات کے خاطیوں کی جگہ غریب۔ معصوموں پر جھوٹے مقدمات درج کر انہیں ہراساں کیا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اترپردیش میں جرائم اور بدعنوانی کے سلسلے مین بی جےپی کی زیرو ٹالیرنس کا دعوی جھوٹا ثابت ہوچکا ہے۔ بی جے پی کے لیڈر، ذمہ داران، ایم ایل اے خودقبول کرتے ہیں کہ ریاست میں بدعنوانی شباب پر ہے۔ اتنی بدعنوانی پہلے کبھی نہیں رہی۔ وزیر اعلی کو اب اپنے اقتدار کی غلط حکمرانی کو قبول کرلینا چاہئے کیونکہ اب بی جے پی اور ان کی معاون پارٹیوں کے لیڈر اور عوامی نمائندے انتظامیہ۔ حکومت پر کرپشن میں ڈوبے ہونے کی بات کر رہے ہیں۔ ایم ایل اے پولیس کمشنریٹ کو کمیشن ریٹ کا خطاب دے رہے ہیں۔
ایس پی سربراہ نے کہا کہ بی جےپی اقتدار میں کمشنریٹ دراصل کرپشنریٹ بن گئے ہیں۔ کمشنریٹ وصولی کا سنٹر ہیں۔بی جےپی حکومت میں مفاد عامہ میں کوئی کام نہیں ہورہا ہے۔ ترقیاتی کام ٹھپ ہیں ۔ عوام الناس کہیں سیلاب، کہیں جنگلی جانور اور بیماریوں سے پریشان ہیں۔ ریاست کے تمام مسائل سے دھیان ہٹانے کے لئے حکومت کے اشارے پر بے قصوروں کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے اور فرضی انکاونٹر کاکھیل چل رہا ہے۔