بیلگاوی (یو این آئی) کرناٹک کے وزیر ریونیو آر اشوک نے پیر کو یہاں کہا کہ ریاستی حکومت نے چین میں کورونا وائرس کی وجہ سے بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ماسک پہننا لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔تاہم، کووڈ اقدامات کی خلاف ورزی پر کوئی جرمانہ عائد نہیں کیا گیا ہے۔ مسٹر اشوک نے کہاکہ نئے سال کی تقریبات کے رہنما اصولوں کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک بجے کے بعد تقریبات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے صحت اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے محکموں کے حکام کے ساتھ ایک میٹنگ کے بعد صحافیوں کو بتایاکہ "بزرگ شہریوں، حاملہ خواتین اور بچوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ گھر کے اندر رہیں اور پرہجوم علاقوں میں جشن منانے سے گریز کریں،”
انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام تھیٹروں، مالز، ہوٹلوں، ریستورانوں، انڈور تقریبات، عوامی جلسوں اور تعلیمی اداروں کے ملازمین کے لیے ویکسینیشن اور ماسک پہننا لازمی قرار دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "لوگوں کو بوسٹر خوراک لینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔”