نئی دہلی (یو این آئی) پیغامات کے تبادلے کے لیے مقبول میسجنگ ایپ ‘واٹس ایپ’ کی خدمات منگل کی دوپہر ہندوستان میں کئی مقامات پر تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک بند رہیں۔مختلف شہروں کے صارفین نے شکایت کی کہ وہ ایپ کا استعمال نہیں کرپارہے ہیں۔دنیا کے دیگر کئی مقامات سے بھی اسی طرح کی شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ اس طرح کی شکایات تقریباً 12:45 بجے سے آنے لگیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کئی لوگوں نے واٹس ایپ کا مسئلہ اٹھایا۔
ہندوستان کے ایک شخص نے ٹوئٹر پر لکھا، ‘واٹس ایپ کام نہیں کر رہا ہے۔ ایک اور صارف نے لکھا کہ ’واٹس ایپ گزشتہ 30 منٹ سے کام نہیں کر رہا ہے۔واٹس ایپ کو ہندوستان میں چیٹ، پیغامات بھیجنے اور دستاویز شیئرنگ کے لیے بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔
دہلی میں 14.15 بجے کے بعد واٹس ایپ خدمات آہستہ آہستہ بحال ہونے لگی تھیں۔ڈاؤن ڈیٹیکٹر اوکلا نے دکھایا کہ ہندوستان میں دہلی، کانپور، کولکاتہ، ممبئی، حیدرآباد اور بنگلور میں واٹس ایپ کے ساتھ مسائل تھے۔فرانس اور دیگر کئی ممالک میں بھی واٹس ایپ سروسز متاثر ہوئیں۔