وارانسی:21مئی(یواین آئی) انڈیا اتحاد کو خاتون ریزرویشن کا مخالف قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو کہا کہ چار جون کے بعد مرکز کے اقتدار میں تیسری بار این ڈی اے کی حکومت بننے پر مدر پاور کو سپر پاور بنانے کی سمت میں کام کیا جائے گا۔
مودی نے یہاں ناری شکتی سنواد پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا’ا نڈیا اتحاد کے لیڈر کھلے عام کہتے ہیں کہ ہندووں میں جو طاقت ہے اس طاقت کو ختم کرکے رہیں گے۔لیکن چار جون کے بعد مودی حکومت(خواتین) قوت کو سپر پاور بناکر رہے گی۔انہوں نے خواتین سے کہا’میں لگاتار آپ کے لئے کام کررہا ہوں۔ آپ کے آشیرواد سے لگاتار نئی تونائی ملتی رہتی ہے۔ میں نہ تھکتا ہوں ، نہ رکتا ہوں۔ یہی سپنا لے کر چلتا ہوں کہ میرے 140 کروڑ ملکی باشندوں کی زندگی کی مصیبتیں جتنی کم کرسکتاہوں ہو میں لگاتار کرتا ہوں۔
سماج وادی پارٹی(ایس پی) پر نشانہ سادھتے ہوئے انہوں نے کہا’ایس پی والے بے شرمی سے کہتے تھے کہ لڑکے ہیں لڑکوں سے تو غلطی ہوجاتی ہے لیکن آج ایس پی کے لڑکے ذرا غلطی کر کے دکھائیں۔ یوگی کی حکومت ان کا وہ حال کرے گی جو انہوں نے سوچا بھی نہیں ہوگا۔
مودی نے کہا کہ پہلی بار مرکز میں ایسی حکومت آئی ہے جسے خواتین کی عزت کی فکر ہے۔ انہیں بیت الخلا بنا کر دئیے، غریب خواتین کے لیے بینک اکاؤنٹس کھولے۔ 4 کروڑ سے زیادہ گھر بنائے گئے اور ان کی رجسٹریشن خواتین کے نام پر کی گئی۔ اس سے خواتین کو نیا اعتماد ملا۔ یہی میرا مشن تھا۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس اور ایس پی حکومتوں نے خواتین کے ساتھ کیا کیا۔ انہیں صرف نظر اندازی اور عدم تحفظ ملا۔ درحقیقت، انڈیا اتحاد کی ذہنیت ہی خواتین مخالف ہے۔انڈیا اتحاد والے خواتین کے ریزرویشن کی مخالفت کرتے ہیں۔
وارانسی کے ایم پی نے اپنے خطاب کا آغاز کرتے ہوئے کہا، "پہلے ماں گنگا نے مجھے کاشی بلایا تھا، اب ماں گنگا نے مجھے گود لیا ہے۔ آج کے پروگرام میں خواتین کی اتنی بڑی تعداد میں موجودگی کافی متاثر کررہی ہے۔مہیلا سمیلن کو وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی خطاب کیا۔