بھوپال(ایجنسیاں): انڈین نیشنل کانگریس کی ‘بھارت جوڑو یاترا’ جاری ہے اور آج اس کا 77 واں دن ہے۔ پیدل یاترا مہاراشٹر کے بعد مدھیہ پردیش میں داخل ہو گئی ہے۔ مدھیہ پردیش کے برہان پور پہنچنے پر تمام راہل گاندھی سمیت تمام ’بھارت یاتریوں‘ کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ یہ یاترا اگلے 11 دنوں میں ریاست کے 7 اضلاع سے گزرے گی۔ بھارت جوڑو یاتر کے مدھیہ پردیش میں داخل ہوتے وقت راہل گاندھی کا تلک لگاکر روایتی استقبال کیا گیا اور مہاراشٹر کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر کمل ناتھ کو ترنگا سونپا۔
اس موقع پر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کئی مسائل پر بات کی۔ انہوں نے کہا ’’مجھے آج بہت خوشی ہو رہی ہے۔ مدھیہ پردیش میں ہم نے پہلا قدم رکھا ہے۔ آپ سے بہت بات چیت ہوگی اور مسائل پر بات ہوگی۔ ہر ریاست کا مسئلہ تھوڑا الگ ہوتا ہے۔ جیسا یہاں کیلے کے کھیت ہیں اور وہاں کپاس کے کھیت ہیں۔ سو ہر ریاست، ہر ضلع کا مسئلہ الگ ہوتا ہے۔‘‘
LIVE: #BharatJodoYatra resumes after a 2-day break from Burhanpur, Madhya Pradesh. https://t.co/GBLqzHSJPc
— Congress (@INCIndia) November 23, 2022
انہوں نے مزید کہا ’’ہم ہر روز اوسطاً 25 کلومیٹر طے کرتے ہیں اور اس دوران ایک دوسرے سے بات چیت نہیں کرتے۔ ہم اپنی بات نہیں رکھتے۔ منہ بند کان کھلے! من کی بات نہیں، ہمارے من کی بات نہیں، آپ کے من کی بات کیا ہے، کسانوں، نوجوانوں، بہنوں، مزدوروں اور چھوٹے کاروباریوں کے من کی بات کیا ہے، وہ ہم دن بھر سنتے ہیں۔ اور پھر اپنے 15 منٹ اور زیادہ سے زیادہ 20 منٹ شام کو اپنی بات رکھتے ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ جب ہم نے یاترا شروع کی تو مخالفین نے کہا تھا کہ ہندوستان 3600 کلومیٹر طویل ہے اور یہ (سفر) پیدل (طے) کیا نہیں جا سکتا اور اب ہم مدھیہ پردیش میں آئے ہیں، 370 کلومیٹر یہاں چلیں گے اور یہ ترنگا سرینگر میں لہرائیں گے۔ یہ سفر ہندوستان میں پھیلائی جا رہی نفرت، تشدد اور خوف کے خلاف ہے۔
اس دوران راہل گاندھی نے مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا اور کہا ’’ہندوستان کی پوری صنعت 3-4 ارب پتیوں کے ہاتھ میں ہے۔ بندرگاہیں، ہوائی اڈے، سڑکیں، ٹیلی کام اور ریلوے ان کے ہاتھ میں جا رہے ہیں۔ ہمیں ایسا ہندوستان نہیں چاہیے۔ یہ ظلم کا ہندوستان ہے۔‘‘
خیال رہے کہ گاندھی صبح مہاراشٹر کے جلگاؤں جامود سے برہان پور ضلع کے بودریلی گاؤں پہنچے۔ وہاں بنجارہ رقص کے ذریعے راہل گاندھی کا استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر کانگریس رہنما اور کارکنان بھی موجود تھے۔ بعد ازاں راہل گاندھی پد یاترا کی شکل میں بودریلی گاؤں سے بھی آگے بڑھ گئے اور یاترا صبح تقریباً 10 بجے کے قریب برہان پور ضلع کے جین آباد پھاٹا پر واقع سینٹ زیویئر انٹرنیشنل اسکول پہنچے گی۔ یہیں یاترا کا ’’ڈے کیمپ‘‘ ہوگارہے گا۔