ممبئی ،25،نومبر(یواین آئی)مہایوتی کی شاندار جیت کے بعد امکان ہے کہ ایکناتھ شندے کل بدھ کو مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کے عہے سے مستعفی ہو جائیں۔ اطلاع کے مطابق شیو سینا (شندے) کے سربراہ شندے نگراں وزیر اعلیٰ کے طور پر برقرار رہیں گے۔جبکہ نائب وزیراعلی دیویندر فڈنویس دہلی روانہ ہوگئے ہیں۔
شیو سینا کے اندرونی ذرائع نے کہا کہ توقع ہے کہ وزیراعلی ایکناتھ شندے منگل کو گورنر کو اپنا استعفیٰ پیش کریں گے اور نئے وزیر اعلیٰ اور کابینہ کے حلف لینے تک نگراں وزیراعلیٰ کے طور پر رہیں گے۔شیوسینا کے ایکناتھ شندے گروپ کے ایک سینئر وزیر دیپک کیسرکر نے کہا کہ حلف برداری کی تقریب کل منعقد ہونے کا امکان ہے۔
مہایوتی اتحاد نے 288 رکنی ایوان میں 235 نشستیں جیت کر تاریخی فتح حاصل کی۔ بی جے پی نے 132 سیٹیں جیت کر مہایوتی کی جیت کی قیادت کی – تمام اتحادیوں میں سب سے زیادہ۔ شندے سینا نے 57 سیٹیں جیتی ہیں اور اجیت پوار کی قیادت والی این سی پی نے دیگر مہایوتی اتحاد کے ساتھیوں میں 41 سیٹیں جیتی ہیں۔ریاست نے پچھلے پانچ سالوں میں تین مختلف وزرائے اعلیٰ دیویندر فڑنویس، ادھو ٹھاکرے، اورایکناتھ شندے کی شکل میں دیکھے ہیں۔