علی گڑھ: علی گڑھ نگر نگم کی تین ٹیموں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کیمپس میں 10کتوں کو پکڑنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ کتے پکڑنے والوں کی نگر نگم کی ٹیمیں طلباء و طالبات کے اقامتی ہالوں میں اس طرح کی مزید مہم چلائیں گی جن میں طالبات کا عبداللہ ہال بھی شامل ہے۔اے ایم یو رجسٹرار مسٹر محمد عمران آئی پی ایس کے دفتر میں یونیورسٹی کیمپس میں کتوں کی بڑھتی ہوئی مصیبت پر غور و خوض کے لئے ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس میں یونیورسٹی کے ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر علی جعفر عابدی ، ڈین، اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر عبدالعلیم، پراکٹر پروفیسر محمد وسیم علی، انچارج نگر سواستھیہ ادھیکاری علی گڑھ مسٹر منوج کمار شریک تھے۔ڈاکٹر عابدی نے بتایا کہ کتے پکڑنے والی ٹیموں نے سرسید ہاؤس، آر سی اے ہاسٹل، وائلڈ لائف سائنسز شعبہ، ایم ایم ہال اور میڈیکل کالونی کے علاقوں میں اپنی مہم چلائی۔ انہوں نے کہا کہ نگر نگم حکام نے یقین دلایا ہے کہ یونیورسٹی کیمپس میں وقتاً فوقتاً کتوں کو پکڑنے کی کارروائی کی جائی گی اور اس سلسلہ میں یونیورسٹی انتظامیہ کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔