ماسکو(ایجنسیاں): روسی صدر پیوٹن نے یوکرین کے چار خودمختار علاقوں کو روس میں ضم کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا۔ روسی صدر نے کریملن میں ایک تقریب کے دوران اعلان کیا کہ ڈونیٹسک، لوہانسک، خیرسون اور زاپورژیا اب روس کا حصہ ہیں۔ ان خطوں میں رہنے والے لوگوں نے اپنا انتخاب کر لیا ہے۔انہیں روسی فیڈریشن میں شامل کرنے کا باقاعدہ عمل اگلے چند دنوں میں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ان خطوں پر حملہ روس پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
روس نئے ضم شدہ علاقوں سمیت اپنی سرزمین کی سالمیت کا دفاع جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ چاروں علاقوں کے شہریوں کو روسی شہریت دی جائے گی۔ ضم کیے گئے علاقوں میں جلد تعمیر نو کا کام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سوویت یونین کا ٹوٹنا روسیوں کے لیے کڑوا سچ ہے۔ یوکرین جنگ بندی کی پیشکش قبول کرکے مذاکرات کی میز پر بیٹھ جائے۔ چاروں علاقوں میں گزشتہ ہفتے ریفرنڈم ہوا تھا۔ اور روسی دعویٰ کے مطابق عوام کی اکثریت نے روس سے الحاق کے حق میں فیصلہ دیا تھا۔