دبئی(ہندوستان ایکسپریس ویب ڈسک): ایشین کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ایشیا کپ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات میں شروع ہو گیا۔ یہ ایشیا کپ کا 15 واں ایڈیشن ہوگا، ٹورنامنٹ کاافتتاحی میچ گروپ بی کی ٹیموں سری لنکا اور افغانستان کے درمیان دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم ، دبئی میں کھیلاگیا۔ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان میچ آج اتوار کو دبئی میں ہی کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اس سے قبل ایشیاء کپ میں 13بار ایک دوسرے کے مد مقابل آئیں جہاں بھارت نے 7جبکہ پاکستان نے 5میچز میں کامیابی حاصل کی، یوں ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کا فتوحات کے اعتبار سے پلڑا بھاری ہے۔
قبل ازیں ایشیا کپ ون ڈے فارمیٹ میں کھیلا جاتا رہا ہے ، یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ایشیا کپ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں کھیلا جا ئے گا۔ ٹورنامنٹ کے میچز 27اگست اور 11ستمبر 2022تک محدود فارمیٹ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے طور پر متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔ ، فائنل میچ 11 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم ، دبئی میں کھیلا جائے گا۔
آپ کو بتادیں کہ ہندو پاک کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچ شام سات بجے شروع ہوگا جبکہ میچ کے ٹکٹ نایاب ہوگئے ہیں۔ توقع ہے کہ پاکستان آج 6 بیٹرز، 2 اسپنر اور 3 فاسٹ بولروں کے ساتھ میچ میں اترے گا۔
ایشیا کپ میں پاکستان صف اول کے فاسٹ بالرز شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم جونیئر کی خدمات سے محروم ہے، محمد وسیم کی جگہ حسن علی کو متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں اسی گراؤنڈ پر پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹ سے شکست دے کر دنیا کو حیران کردیا تھا، اس بار بھارتی ٹیم شکست کا بدلہ لینے کے لئے بے چین ہے۔