ٖڈھاکہ:اپوزیشن رہنما اور سابق وزیراعظم بیگم خالدہ ضیاء کو جیل سے رہا کردیا گیا۔واضح رہے کہ بنگلادیش کے صدر محمد شہاب الدین نے خالدہ ضیاء کی جیل سے رہائی کا حکم دیا تھا۔ اپوزیشن جماعت بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی کی سربراہ خالدہ ضیاء کی رہائی کا حکم صدارتی اجلاس میں دیا گیا تھا۔دوسری جانب حسینہ واجد کا تختہ الٹنے کے بعد نوبل انعام یافتہ ماہر معاشیات محمد یونس نے بھی وطن واپسی کا اعلان کردیاہے۔
طباء نے آرمی چیف اور صدر سے محمد یونس کو عبوری حکومت کا سربراہ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔اپنے بیان میں محمد یونس کا کہنا تھا کہ پیرس سے جلد بنگلادیش واپس آرہا ہوں، عوام جمہوری اصول اور آزادی اظہار کو یقینی بنائیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوام آزاد ہوگئے ہیں، آزادی کا لطف اٹھائیں، یقینی بنائیں کہ اس بار غلطی نہ ہو۔پروفیسر محمد یونس کا کہنا تھا کہ ہم نے ماضی میں شاندار کام کیا ہے، اب بھی بہت کچھ کر سکتے ہیں۔
اس درمیان یہ بھی خبر ہے کہ بنگلادیشی فوج میں اعلیٰ عہدوں پر تبدیلیاں کردی گئیں۔ یہ تبدیلیاں آرمی چیف کی جانب سے کی گئی ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق بنگلادیشی فورسز کے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ میجر جنرل ضیاء الاحسن کو عہدے سے سبکدوش کر دیا گیا۔اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل محمد سیف الاسلام کو وزارت خارجہ میں تعینات کیا گیا ہے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل محمد مجیب الرحمان کو جی او سی آرمی ٹریننگ اینڈ ڈاکٹرائن کمانڈ تعینات کردیا گیا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد تبریز شمس چوہدری کو کوارٹر ماسٹر جنرل، لیفٹیننٹ جنرل میزانور شمیم کو چیف آف جنرل اسٹاف تعینات کیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل محمد شاہین الحق کو کمانڈنٹ این ڈی سی اور میجر جنرل اے ایس ایم رضوان الرحمان کو ڈائریکٹر جنرل نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن مانیٹرنگ سینٹر (این ٹی ایم سی) کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔