پٹنہ(یواین آئی) وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج 4، دیش رتن مارگ واقع وزیر اعلیٰ سکریٹریٹ احاطہ میں منعقد ‘جنتا کے دربار میں وزیر اعلی’ پروگرام میں شرکت کی۔ جنتا کے دربار میں وزیر اعلیٰ کے پروگرام میں وزیر اعلیٰ نے ریاست کے مختلف اضلاع سے پہنچے 49لوگوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کے افسران کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
آج جنتا کے دربار میں وزیر اعلی پروگرام میں جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ، محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، محکمہ سماجی فلاح، پسماندہ اور انتہائی پسماندہ طبقات کی فلاح محکمہ، محکمہ خزانہ، درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل کی بہبود محکمہ، اقلیتی فلاح محکمہ، سائنس اور ٹیکنالوجی محکمہ، محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، آرٹ، کلچر اینڈ یوتھ محکمہ، لیبر وسائل محکمہ اور آفات مینجمنٹ محکموں سے متعلق معاملات پر سماعت ہوئی۔
جنتاکے دربار میں وزیر اعلیٰ کے پروگرام میں کشن گنج ضلع سے آئے ایک شخص نے وزیراعلیٰ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے کو مسکولر ڈسٹرافی نامی سنگین بیماری ہے۔اس کے علاج کا کوئی انتظام کیاجائے۔ جب وزیر اعلیٰ نے اس سلسلے میں محکمہ صحت سے دریافت کیا تو پتہ چلا کہ شکایت کنندہ کے اکانٹ میں 6 لاکھ روپے جاری کیے جا رہے ہیں۔ شکایت کنندہ نے اس کے لیے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔
سپول ضلع سے آئے ایک شخص نے وزیر اعلیٰ سے فریاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پنچایت میں تعمیر کردہ اپ گریڈ شدہ ہائی اسکول سال 2019 میں کوسی ندی کے کٹا میں ضم ہو گیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکمے کو ہدایت کی کہ وہ اس کی تحقیقات کرکے جلد از جلد اسکول کی تعمیر کرائیں۔
بانکا ضلع سے آئی ایک خاتون نے وزیر اعلیٰ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آنگن باڑی سیویکا کی بحالی میں بے قاعدگی ہوئی ہے۔ پہلی پوزیشن ہونے کے باوجود مجھے منتخب نہیں کیا گیا اور تیسرے نمبر پر آنے والی خاتون کا انتخاب کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ سماجی فلاح کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
بانکا ضلع سے آئی ایک خاتون نے وزیر اعلیٰ سے التجا کرتے ہوئے کہا کہ کمر سے نیچے معذور ہیں، مجھے بیٹری سے چلنے والی موٹر سائیکل فراہم کی جائے تاکہ میں اپنے کام آسانی سے کر سکوں۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ سماجی فلاح کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
مدھے پورہ ضلع سے آئے ایک شکایت کنندہ نے وزیر اعلیٰ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ذریعہ تین سال قبل کوسی اور سیمانچل کے لوگوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے جن نائک کرپوری ٹھاکر میڈیکل کالج اور ہسپتال بنایا گیا۔ ماہر ڈاکٹروں کو یہاں بحال کیا جائے تاکہ لوگوں کا بہتر علاج ہو سکے۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ صحت کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس پر مناسب کارروائی کی جائے۔
مدھے پورہ ضلع سے آئے ایک طالب علم نے وزیر اعلیٰ سے فریاد کرتے ہوئے کہا کہ سال 2015 میں میٹرک کا امتحان فرسٹ ڈویژن سے پاس کیاتھا۔لیکن حوصلہ افزا رقم آج تک نہیں مل پائی ہے وزیراعلیٰ نے محکمہ تعلیم کو تحقیقات کرکے مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
مظفر پور کی ایک لڑکی نے وزیر اعلیٰ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 2018 میں گریجویشن پاس کر لیا ہے لیکن ابھی تک مجھے ”مکھیہ منتری کنیا اتھان یوجنا” کا فائدہ نہیں ملا ہے۔ مجھے جلد رقم فراہم کی جائے، تاکہ میں مزید تعلیم حاصل کر سکوں۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکمے کو اس پر مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔
ارول ضلع سے آئی ایک خاتون نے آنگن باڑی میں بحالی میں بے ضابطگیوں کی شکایت کی جبکہ بیگوسرائے ضلع سے آئی ایک خاتون نے آنگن باڑی کارکنوں کے انتخاب کے عمل میں بے قاعدگیوں کی شکایت کی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکمے کو اس پر مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔
جنتا کے دربار میں وزیر اعلی کے پروگرام میںوزیر خزانہ و پارلیمانی امور وجے کمار چودھری، سماجی فلاح کے وزیر مدن سہنی، درج فہرست ذات و درج فہرست قبائل بہبود کے وزیر سنتوش کمار سمن، سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر سمیت کمار سنگھ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری مسٹر دیپک کمار، چیف سیکریٹری عامرسبحانی، ڈی جی پی مسٹر ایس کے سنگھل، متعلقہ محکموں کے ایڈیشنل چیف سکریٹری/ پرنسپل سکریٹری/ سکریٹری، وزیر اعلی کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھا، وزیراعلی کے سکریٹری انوپم کمار، وزیراعلی کے اوایس ڈی مسٹر گوپال سنگھ،پٹنہ کے ڈی ایم مسٹر چندر شیکھر سنگھ اورایس ایس پی مسٹر مانوجیت سنگھ ڈھلون موجود تھے۔