علی گڑھ: جے این میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے کارڈیالوجی شعبہ نے ایک کیتھ لیب ورکشاپ کی میزبانی کی جس میں ٹکیارتھمیاس پر توجہ مرکوز کی گئی اور ای پی ایس و آر ایف اے کے ساتھ اس کے علاج پر گفتگو کی گئی۔ فورٹس اسپتال، نئی دہلی کے مشہور الیکٹرو فزیالوجسٹ ڈاکٹر اویناش ورما نے مہارت کے ساتھ اس ورکشاپ میں قیمتی معلومات اور عملی تجربات پر روشنی ڈالی۔ ورکشاپ میں 15 مریضوں کا کامیابی کے ساتھ ایبلیشن کیا گیا اور جن مریضوں کے دل کی دھڑکن غیرمعمولی طور سے بڑھی ہوئی تھی انھیں راحت پہنچائی گئی۔ صدر شعبہ پروفیسر آصف حسن نے اس طرح کی ورکشاپ کو بہت کارآمد قرار دیتے ہوئے ایسی مزید ورکشاپ منعقد کرنے پر زور دیا۔ورکشاپ میں پروفیسر ملک اظہرالدین سرگرمی کے ساتھ شامل ہوئے اور ڈی ایم کورس کرنے والے سینئر ریزیڈنٹس جوش و خروش کے ساتھ شریک ہوئے۔