لکھنؤ:(یواین آئی)کانگریس کے صدارتی انتخاب کے امیدوار ملک ارجن کھڑگے نے منگل کو یہاں کہا کہ انہوں نے پارٹی کے صدارتی الیکشن لڑنے کا فیصلہ پارٹی کو تقویت پہنچانے اوراس کے نظریہ کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے کیا ہے۔ کھڑگے آج یہاں یوپی پردیش کانگریس کمیٹی کے ڈیلیگیٹس سے ملاقات کرنے کے لئے پہنچے تھے۔ جو پارٹی کے صدارتی انتخابات میں ووٹر ہیں۔ انہوں نے صدارتی انتخاب میں اپنے حق میں ووٹنگ کی اپیل کی۔
اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا’جب گاندھی فیملی نے انڈین نیشنل کانگریس کے صدارتی عہدے کے لئے الیکشن لڑنے سے انکار کردیا تو میں نے اپنے بہی خواہوں سے مشورہ کیا اور صدارتی انتخابی میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا۔اورجب میں نے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا تو متعدد ریاستوں سے پارٹی کے سینئر رہنما موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پارٹی کا صدارتی الیکشن لڑنے کا فیصلہ پارٹی کی طاقت اور نظریہ کو بچانے کے لئے کیا ہے۔آج جمہوریت میں یقین نہ رکھنے اور فرنگیوں کی طرح پھوٹ ڈالوں اور راج کرو کی سیاست کرنے والی بی جے پی اور آر ایس ایس پارٹی کے الیکشن اور بھارت جوڑا یاترا پر سوالیہ نشان لگا رہے ہیں۔
کھڑگے نے کہا کہ یہ کانگریس ہی تھی جس نے ملک کی آزادی کے لئے جدوجہد کیا۔تحریک جدوجہد آزادی میں بی جے پی یا سنگھ کا ایک کارکن نہ تو جیل گیا اور نہ ہی جام شہادت نوش کیا۔علاوہ ازیں اس کے کارکنان انگریزوں سے ملے رہے اور بدلے میں انہیں وظیفہ ملتارہا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا پر سوال کھڑے کرتے ہوئی بی جے پی پوچھتی ہے کہ راہل گاندھی اس کے ذریعہ کیا حاصل کررہے ہیں۔ تو میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ اس وقت ملک میں بشمول مہنگائی، بے روزگاری،خواتین اور دلتوں کے خلاف ظلم وزیادتی، اور ہندوستانی سرحد میں چین کی دراندازی پر ہندوستانی حکومت کی خاموشی سمیت متعدد سلگتے مسائل ہیں۔یہ بھارت جوڑیاترا اس لئے نکالی جارہی ہے تاکہ ان سلگتے مسائل سے عوام کو آگاہ کیا جاسکے۔
کھڑگے نے کہا کہ وہ پورے ملک میں موجود پارٹی کے ووٹ دینے والے 9000ڈیلیگیٹس سے ملاقات کر کے اپنی حمایت کی درخواست کررہے ہیں۔ادے پور چنتن شیور میں پارٹی کی جانب سے کئے گئے تمام اعلانات کو میں نے اپنے انتخابی منشور کا حصہ بنایا ہے۔پارٹی میں 50فیصدی ذمہ داری ان افراد کو دی جائے گی جن کی عمریں 50فیصد سے کم ہیں۔میں تمام اعلانات کو نافذ کرونگا اور میں پرامید ہوں کہ مجھے تمام ڈیلیگیٹس کی حمایت حاصل ہوگی۔ کھڑگے نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ میں کانگریس کا صدارتی انتخاب میں کامیابی سے ہمکنار ہونگا اور اس میں یوپی کی شراکت داری کافی اہم ہوگی۔