نئی دہلی(یو این آئی) دہلی کے وزیر محنت راج کمار آنند نے مہنگائی کی مارجھیل رہے مزدوروں اور ملازمین کو راحت فراہم کرنے کے لئے جمعرات کو غیر ہنر مند، نیم ہنر مند اور ہنر مند کارکنوں کی ماہانہ اجرت میں اضافہ کرنے کا حکم جاری کیا۔مسٹر آنند نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی قیادت میں دہلی کے غریب اور مزدور طبقے کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ بڑا قدم اٹھایا گیا ہے۔ اس سے مہنگائی کی مار جھیل رہے مزدورطبقے کو راحت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ غیر منظم شعبے کے ایسے مزدوروں کو مہنگائی الاؤنس پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی ہے، جنہیں عام طور پر صرف کم از کم اجرت ملتی ہے، اس لیے دہلی حکومت نے مہنگائی الاؤنس کو شامل کرکے نئی کم از کم اجرت کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث معاشی چیلنجز نے معاشرے کے تمام طبقات کو متاثر کیا ہے۔ ایسے میں مزدوروں کو کچھ راحت فراہم کرنے کے لیے دہلی حکومت کی طرف سے کم از کم اجرت میں یہ اضافہ مزدوروں کی مدد کرے گا۔
دہلی حکومت کی طرف سے بڑھائی گئی کم از کم اجرت کی نئی شرح کے مطابق، اب ہنرمند کارکنوں کی ماہانہ اجرت 20,903 روپے سے بڑھا کر 21215 روپے کرتے ہوئے 816 روپے کا اضافہ کیا ہے۔ نیم ہنر مند کارکنوں کی ماہانہ اجرت 18,993 روپے سے بڑھا کر 19279 روپے کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی غیر ہنر مند مزدوروں کی ماہانہ تنخواہ 17234 روپے سے بڑھا کر 17494 روپے کرتے ہوئے 673 روپے کا اضافہ کیاگیا ہے۔وزیر محنت نے کہا کہ دہلی میں مزدوروں کو دی جانے والی کم از کم اجرت ملک کی کسی بھی دوسری ریاست کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیجریوال حکومت دہلی کے تمام کارکنوں کو راحت فراہم کرنے کے لئے ہر 6 ماہ بعد مہنگائی الاؤنس میں مسلسل اضافہ کرتی ہے۔ دہلی حکومت کے اس فیصلے سے تمام شیڈول ملازمت کے زمروں میں غیر ہنر مند، نیم ہنر مند، ہنر مند اور دیگر کارکنوں کو فائدہ ہوگا۔