رائے پور(یو این آئی) الیکشن کمیشن نے چھتیس گڑھ اسمبلی کے جاری عام انتخابات میں الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ساتھ ساتھ پرنٹ میڈیا میں گمراہ کن نوعیت کے اشتہارات کی اشاعت کو روکنے کے بارے میں جامع ہدایات دی ہیں۔
ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر رینا بابا صاحب کنگالے نے آج یہاں اس کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت ووٹنگ کے دن پرنٹ میڈیا میں شائع ہونے والے سیاسی اشتہارات کی پہلے سے تصدیق ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے کے ووٹنگ کے دن سے ایک دن پہلے اور ووٹنگ کے دن (6 اور 7 نومبر کو) اور دوسرے مرحلے کے ووٹنگ کے دن سے ایک دن پہلے اور ووٹنگ کے دن (16 اور 17 نومبر کو) پرنٹ میڈیا میں سیاسی اشتہارات کی اشاعت سے پہلے ضلع یا ریاستی سطح کی میڈیا سرٹیفیکیشن کمیٹی سے اشتہارات کی پری سرٹیفیکیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ووٹنگ کے دن سے پہلے اور ووٹنگ کی تاریخ پر پرنٹ میڈیا میں گمراہ کن نوعیت کے اشتہارات کی اشاعت کے بعد اس سے متاثر ہونے والی جماعتوں یا امیدواروں کو کسی قسم کی وضاحت یا تردید کا موقع نہیں ہوتا۔ ایسے میں آزادانہ، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے لیے اشتہارات کی پیشگی تصدیق ضروری ہے۔