مسافرایئر پورٹ پر پکڑا گیا،143,000 امریکی ڈالر اور 91,000 یورو سے زائد کی غیرملکی کرنسی پکڑی گئی
قاہرہ (ایجنسیاں): مصر میں ایئر پورٹ کے عملے نے اپنی مہارت سے بھاری مالیت کی غیرملکی کرنسی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی، مسافر نے اسمگلنگ کا انوکھا طریقہ اپنایا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز مصری وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ قاہرہ ایئر پورٹ پولیس نے ایک مسافر کو گرفتار کیا ہے۔جس پر الزام ہے کہ اس نے تقریباً 143,000 امریکی ڈالر اور 91,000 یورو سے زائد کی غیرملکی کرنسی کی اسمگلنگ کی کوشش کی جسے ناکام بنادیا گیا۔رپورٹ کے مطابق مصری سکیورٹی حکام نے منجمد پرندوں کے اندر چھپا کرغیرملکی کرنسی اسمگل کرنے کی عجیب و غریب کوشش کا انکشاف کیا ہے۔مذکورہ کرنسی ایک مسافر بیرون ملک جاتے ہوئے اسمگل کرنے کی کوشش کررہا تھا، عملے کی فوری کارروائی نے اس کی کوشش ناکام بنا دی، پولیس نے اسمگلر کو گرفتار کرکے اس سے تفتیش شروع کردی ہے۔
خبر کے مطابق مذکورہ رقم منجمد پرندوں کے گوشت "چکن” کے اندر چھپائی گئی تھی۔ مصری وزارت داخلہ نے ایک ویڈیو کلپ بھی جاری کیا ہے جس میں منجمد پرندوں کے اندر سے رقوم کو برآمد کیا جارہا ہے جس کے بعد ملزم کو گرفتار کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
مصری وزارت داخلہ کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے اور پبلک پراسیکیوشن نے معاملے کی تحقیقات اپنے ہاتھ میں لے لی ہیں۔