تل ابیب، 29 مارچ (یو این آئی) اسرائیل کے انٹیلی جنس حکام نے اعتراف کیا ہے کہ اسرائیل کیلیے حماس کا خاتمہ ممکن نہیں کیونکہ امریکہ نے ہماری حمایت سے ہاتھ کھینچ لیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے انٹیلی جنس حکام نے اعتراف کیا کہ ان کے لیے حماس کا خاتمہ ممکن نہیں ہے اور اس کی وجہ امریکہ کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ نے اس معاملے پر پیٹھ دکھا دی ہے۔رپورٹ کے مطابق اسرائیلی انٹیلی جنس حکام کا کہنا ہے کہ غزہ میں کئی ماہ سے جاری طویل لڑائی کے باوجود ہم اپنا ہدف حاصل نہیں کر پائیں گے۔
ذرائع نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کو غزہ پر چڑھائی کے بنیادی مقصد میں ناکامی کا خدشہ ہے کیونکہ انتہائی غیر انسانی رویے اور جارحانہ اقدامات کے باعث اسرائیل کی اس معاملے پر عالمی حمایت ختم ہوتی جا رہی ہے۔اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اس نے شمالی غزہ میں حماس کی مرکزی کمان اور اس کے انفرا اسٹرکچر کو تباہ کر دیا ہے لیکن حماس کی گوریلا اندازسے مزاحمت جاری ہے۔واضح رہے کہ غاصب اسرائیل کی فلسطین کے خلاف گزشتہ 7 ماہ سے جاری بربریت میں 30 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں تاہم اپنی تمام تر طاقت کے استعمال کے باوجود وہ فلسطین کی آزادی کے پیروکار حماس کو شکست دینے میں ناکام رہی ہے۔