پٹنہ (یو این آئی) بزرگوں کی علمی وادبی وراثت کو زندہ رکھنا اور اسے فروغ دینا بڑی سعادت کی بات ہے ۔ شعروادب کی ایسی تقریبات بہت قیمتی ہو تی ہیں جو اپنوں کی یاد میں منعقد کی جاتی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار معروف شاعرہ ریحانہ نواب نےیہاں منعقد ’ایک شام ریحانہ نواب کے نام ‘ میں کیا۔انہو ںنے کہا کہ ’ بزم حسن ‘ کے زیر اہتمام منعقد ہ اس خوبصورت مشاعرہ کے پیچھے ایک پرانی کہانی ہے ۔بزرگ شاعروجج جناب زبیر الحسن غافل نے برسوں قبل سہرسہ میں کہا تھا کہ وہ میرے اعزاز میں ادبی محفل سجائیں گے ، وقت نے وفا نہ کی اور وہ دنیا سے رخصت ہو گئے ۔قابل مبارکباد ہیں ان کے ہو نہار فرزند ،ادیب وشاعر اسلم حسن (کمشنر جی ایس ٹی)جنہوں نےآج اپنے والد کی خواہش کو پورا کیا۔
اس موقع پر پروفیسر علیم اللہ حالی نے صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ’بزم حسن‘ کی اس پروقار تقریب میں کم لیکن باذوق لوگ جمع ہیں اور مرحوم زبیر الحسن غافل کو یاد کر رہے ہیں ،بغیر تکلف کے اس طرح کی نشست زیادہ موثر ہو تی ہے ۔سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اعجاز علی ارشد نے مزاح کے اشعار پیش کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کے ادبا تہذیبی وراثت کو آگے بڑھائیں ۔معروف قلمکار پروفیسر صفدر امام قادری نے کہا کہ غافل صاحب کو ہم نے قریب سے دیکھا اور سنا ہے ، عدلیہ کی اونچی کرسی پر بیٹھ کر انہوں نے ظریفانہ اور سنجیدہ دونوں طرح کی شاعری کی اور دل کی باتوں کو جس انداز میں پیش کیا وہ بہت قیمتی ہیں ، اسلم حسن خوش قسمت ہیں جو ان کے کلام اور پیغام کو دوسروں تک پہنچا رہے ہیں ۔
ارریا سے آئےشمس الہدی معصوم نے کہا کہ زبیر الحسن غافل اردو ہندی کو ایک چھت کے نیچے کرنے والے شاعر تھے ،انہوں نے ہم جیسے چھوٹوں کی تربیت کی ۔سنجے کمار کندن نے کہا کہ وہ ہمارے بڑے بھائی اور راستہ دکھانے والے شاعر تھے ۔ مسٹر اسلم حسن نے کہا کہ بزم حسن ایک فکر کے ساتھ شروع کیا گیا ہے ، اس کے تحت اب تک کئی تاریخی پروگرام ہو چکے ہیں ،ادب کا یہ کارواں آگے بڑھتا رہے اور خاموشی سے خدمت انجام دیتا رہے ،یہی خواہش ہے ۔قبل ازیں شمع افروزی کے بعد مدعو شعراء کرام کی مختلف شخصیات نے گلپوشی کی ۔اس موقع پر جن شعرا وشاعرات نے کلام پیش کیا ؛ان میں قاسم خورشید ،شعلہ داناپوری ،حناحیدر رضوی ، صدف اقبال ، ارادھنا پرساد،سمیر پریمن ،ابوذر رضوی ممبئی،سنجے کمار کندن وغیرہ کا نام شامل ہیں ۔ نظامت محمد نسیم اختر نے کی ۔اس موقع پر امتیاز احمد کریمی ممبر بی پی ایس سی ،جناب معیز الدین سکریٹری محکمہ کانکنی ،عدلیہ سےوابستہ انور شمیم ، غضنفر حیدر اورشہاب کوثر موجود رہے۔