نئی دہلی، 03 جنوری (یو این آئی) دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بدھ کو دہلی ایکسائز پالیسی معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سامنے تیسری بار پیش ہونے سے انکار کردیا آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دہلی کے وزیر صحت اور عام آدمی پارٹی (اے اے پی) لیڈر سوربھ بھاردواج نے کہا کہ ای ڈی کے سمن غیر قانونی اور سیاسی طور پر محرک تھے انہوں نے نوٹس کے وقت پر بھی سوالات اٹھائے انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب لوک سبھا انتخابات قریب ہیں، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اروند کیجریوال کو انتخابی مہم چلانے سے روکنے اور انہیں جیل میں ڈالنے کے لیے ای ڈی کا استعمال کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کی طرف سے ای ڈی سے وضاحت طلب کرنے کے باوجود کہ مسٹر کیجریوال کو کس حیثیت سے بلایا جا رہا ہے۔مسٹر بھاردواج نے کہاکہ ’’دہلی کے وزیر اعلیٰ نہ تو ملزم ہیں اور نہ ہی گواہ۔‘‘اے اے پی لیڈر نے کہاکہ "منیش سسودیا تقریباً ایک سال سے جیل میں ہیں اور ای ڈی نے ابھی تک ان کے خلاف کوئی ثبوت جمع نہیں کیا ہے اور اب وہ مسٹر اروند کیجریوال کو گرفتار کرنا چاہتے ہیں۔”
انہوں نے بی جے پی پر اپوزیشن کو نشانہ بنانے کے لیے ایجنسیوں کا استعمال کرنے اور بدعنوانی کے الزامات کا سامنا کرنے والے اپنے قائدین کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا الزام لگایا۔مسٹر کیجریوال نے گزشتہ سال 2 نومبر اور 21 دسمبر کو ای ڈی کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا تھا۔