لکھنؤ: اتر پردیش کی میزبانی میں کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز 2022 کا انعقاد لکھنؤ، گورکھپور، وارانسی اور گوتم بدھ نگر میں 25 مئی سے 03 جون تک کیا جا رہا ہے، جس میں کل 21 مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان کھیلوں میں عوام کی حصہ داری بڑھانے کے لیے کل 21 مئی کو 6 کلومیٹر کی کراس کنٹری ریس/ میراتھن کا انعقاد کیا جائے گا۔ لکھنؤ ڈویژن کی کمشنر ڈاکٹر روشن جیکب ہری جھنڈی دکھا کر اس کنٹری ریس/ میراتھن کا افتتاح کریں گی۔
یہ دوڑ مردوں اور خواتین کے اوپن کٹیگری میں صبح 7:00 بجے کے ڈی سنگھ بابو اسٹیڈیم کے مین گیٹ سے شروع ہوگی۔ ریس ہالواسیہ، حضرت گنج چوراہا، راج بھون، ڈی جی پی آفس، دینک جاگرن چوراہا، سکندرباغ چوراہا، نیشنل پی جی تیراہے سے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ سے ہوتی ہوئی ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس کے مین گیٹ پر اختتام پذیر ہوگی۔ اس کے علاوہ، کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز – 2022 مشعل ریلی حضرت گنج، شری رام ٹاور، سکندرباغ سے موڑکر نیشنل کالج لامارٹینیئر سے ہوتے ہوئےکے ڈی سنگھ بابو اسٹیڈیم پر اختتام پذیر ہوگی۔