شیو پوری، 31 اگست (یو این آئی) مدھیہ پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل شیو پوری ضلع کے کولارس اسمبلی حلقہ کے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم ایل اے وریندر رگھوونشی نے کچھ الزامات لگاتے ہوئے آج پارٹی سے استعفیٰ دینے کا اعلان کردیا۔مسٹر رگھوونشی کے اگلے چند دنوں میں کانگریس میں شامل ہونے کے امکانات ہیں۔
صحافیوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے الزام لگایا کہ ریاست میں بدعنوانی عروج پر ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے مرکزی وزیر جیوترادتیہ سندھیا کے ساتھ بی جے پی میں آئے ایم ایل سے وزیربنائے گئے بعض وزراء سے شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے نئے آنے والوں کی وجہ سے پارٹی کے پرانے کارکنوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔انہوں نے ریاست میں گائے کے تئیں لاپرواہی اور کسانوں کے قرض معافی جیسے مسائل پر پارٹی کے موقف پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے پارٹی سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔