کابینہ کی میٹنگ میں چیف منسٹر مائناریٹی انٹرپرینیوراسکیم شروع کرنے کا فیصلہ
پٹنہ ( یواین آئی) بہار حکومت نے آج درج فہرست ذات ۔ درج فہرست قبائل اور انتہائی پسماندہ طبقہ کے بعد اب اقلیتی طبقہ کے نوجوانوں میں خود روزگار کو فروغ دینے کے مقصد سے چیف منسٹر مائناریٹی انٹرپرینیور اسکیم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت اس زمرے میں صنعتیں لگانے کیلئے اس طبقہ کے نوجوانوں کو 10 لاکھ روپے کی رقم دی جائے گی۔ کابینہ سیکرٹریٹ محکمہ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈاکٹر ایس۔ سدھارتھ نے سموار کو یہاں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی زیر صدارت کابینہ کی میٹنگ کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت نے ریاست کے تمام طبقوں کے نوجوان لڑکے لڑکیوںکے مابین کاروبار اور خود روزگار کو فروغ دینے کیلئے وزیراعلیٰ درج فہرست ذات ۔ قبائل ، انتہائی پسماندہ طبقہ ،یوا ادمی اور مہیلا ادمی منصوبہ نافذ کیا ہے ۔ اسی ضمن میں ریاست کے اقلیتی طبقہ کے نوجوانوں کیلئے آج کی میٹنگ میں چیف منسٹر مائناریٹی انٹرپرینیور اسکیم کی تجویز کو منظوری دی گئی۔
ڈاکٹر سدھارتھ نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت صنعت لگانے والے مستفیدین کو کل منصوبہ لاگت ( فی یونٹ ) زیادہ سے زیادہ 10 لاکھ روپے دیئے جائیںگے۔ اس میں سے 50 فیصد رقم قرض (زیادہ سے زیادہ 5 لاکھ روپے) اور 50 فیصد رقم گرانٹ (زیادہ سے زیادہ 5 لاکھ روپے) کی شکل میں ہوگی۔ اس ا سکیم کے تحت صرف نئی صنعتوں کے قیام کے لیے فنڈز دیے جائیں گے۔ یہ اسکیم قرارداد کے اجراءکی تاریخ سے موثر ہوگی۔
ایڈیشنل چیف سکریٹری نے کہا کہ اقلیتی زمرہ سے تعلق رکھنے والے لوگ اس اسکیم کے اہل ہوں گے۔ اقلیتی زمرے سے تعلق رکھنے والی خواتین اپنی خواہش کے مطابق، مکھیہ منتری اقلیتی ادمی یوجنا یا مکھیہ منتری مہیلا ادمی یوجنا میں سے کسی ایک اسکیم کے لیے درخواست دینے کی اہل ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے لیے ہر سال اقلیتی زمرے کے مستفیدین کے ہدف کا تعین اور اس اسکیم کی رقم محکمہ اقلیتی بہبود کے ذریعہ دستیاب کرائی جائے گی۔