نئی دہلی (یو این آئی) دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے کہا کہ دہلی ملک کی پہلی ایسی ریاست ہے جہاں تمام سرکاری اسکولوں کے اساتذہ اور بچے اپنی پسند سے اپنی لائبریری کے لئے ہرسال کتابوں کا انتخاب کرتے ہیں۔مسٹرسسودیا نے کہا کہ کتابیں بچوں کی ہمہ جہت ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اس کی اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے کیجریوال حکومت نے پچھلے 6-7 برسوں میں اپنے اسکولوں کی لائبریری میں کافی اہم تبدیلیاں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد سرکاری اسکولوں میں پڑھنے والے بچوں کو اچھی کتابیں فراہم کرنا ہے۔ اس سمت میں میگا بک فیئر کا آن لائن پلیٹ فارم ایک اہم کردار ادا کرے گا اور بچے ایک بڑی کلیکشن سے اپنی پسند کی اچھی کتابیں حاصل کر سکیں گے۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی ملک کی پہلی ریاست ہے جہاں تمام سرکاری اسکول ایک ساتھ اس طرح سے کتاب میلے میں ورچوئلی حصہ لے رہے ہیں اورٹیکنالوجی کے ذریعے بک فیئر میں دہلی کے سرکاری اسکولوں میں پڑھنے والے ہربچے، اساتذہ کی شرکت کو یقینی بنایا جا رہا ہے. انہوں نے کہا کہ یہ خواب لگتا ہے کہ کسی بھی اسکول میں لائبریری کے لیے جو کتاب خریدی جائے وہ بچوں اور اساتذہ کی پسند اور ضرورت کے مطابق ہو۔ دہلی میں 2017 تک ایسا نہیں تھا لیکن اب دہلی کے سرکاری اسکول اپنے بچوں اور اساتذہ کی ضرورت کے مطابق کتابیں خرید سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کتابیں بچوں کی ہمہ گیر نشوونما میں بڑا کردار ادا کرتی ہیں۔ اس کی اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے دہلی حکومت نے گزشتہ 6-7 برسوں میں دہلی کے سرکاری اسکولوں کی لائبریریوں میں بہت اہم تبدیلیاں کی ہیں۔
نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے ہی ملک کو نمبر ون بنایا جا سکتا ہے۔ اگر ہم اپنے ملک کو دنیا کا نمبر 1 ملک بنانا چاہتے ہیں تو اسکولوں میں اچھی عمارتوں کے ساتھ ساتھ ان میں اچھی لائبریریوں کا ہونا بھی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ کسی اسکول میں مطالعہ کا ماحول جاننا چاہتے ہیں تو وہاں کی لائبریری کو دیکھنا ضروری ہے۔
دہلی حکومت کی جانب سے جمعرات کو دہلی کے سرکاری اسکولوں کے لیے ایک ورچوئل میگا بک فیئر کا انعقاد کیا گیا۔ میگا بک فیئر کے آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے اسکول اپنی لائبریریوں کے لیے بہترین کتابوں کا انتخاب کر سکیں گے۔ وہ پبلشرز کو آن لائن آرڈر دے سکیں گے اور کتابیں اسکولوں تک پہنچ جائیں گی جس سے وقت کی کافی بچت ہوگی اور سارا عمل شفاف رہے گا۔