اسلام آباد، 15 جولائی (یو این آئی) حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا ، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ تمام شواہدمدنظررکھ کروفاقی حکومت پی ٹی آئی پرکیس کرے گی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم پی ٹی آئی پرپابندی لگانے جا رہے ہیں، پی ٹی آئی پر پابندی کامعاملہ سپریم کورٹ بھیجاجائےگا، تمام شواہد مدنظررکھ کروفاقی حکومت پاکستان تحریک انصاف پر کیس کرے گی۔عطا تارڑ نے بتایا کہ بہت مضبوط شواہد ہیں جس کی بنیاد پرپاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا، ریکارڈ پر موجود ہے شوکت ترین نےآئی ایم ایف کوخط لکھا کہ پاکستان کی مددنہ کی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ بس بہت ہوگیا اب پاکستان اور تحریک انصاف ایک ساتھ نہیں چل سکتے ، ترقی کرنی ہے تو پاکستان اورتحریک انصاف ساتھ نہیں چل سکتے، اب ان سے کہوں گا بس نومور.
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ تحریک انصاف پر پابندی لگانے پر کافی عرصے سے غورہو رہا تھا، پابندی لگانے کے حوالے سے قانونی تیاری مکمل ہے، ہوسکتا ہے کابینہ کے اگلےاجلاس میں اس پربات ہو، آرٹیکل17ملک مخالف جماعتوں پر پابندی کا اختیار حکومت کو دیتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ، 9 مئی اور دہشت گردوں کو واپس لانا یہ سب کچھ آپ نے کیا ہے، سائفر کا ڈرامہ رچایا گیا اور کہا گیا امریکا نے دھمکی دی ہے، اس کے بعد ایک آڈیو کلپ آیا کہ ہم نے سائفر سے کھیلنا ہے، جنہوں نے سائفر لکھا تھا وہ خود کہہ رہے ہیں کوئی تھریٹ نہیں تھا ، ہمارے سفیر اسد مجید نے کہا کوئی تھریٹ موجود نہیں تھا۔عطا تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے سیاسی مفاد کیلئے بین الاقوامی سطح پرتعلقات خراب کیے، سیاسی مفادات کے مطابق آئی ایم ایف کو لیٹر لکھا گیا، آپ کی کوشش تھی ایل سی نہ کھلے ملک ڈیفالٹ کر جائے، آپ نے کہا تھا خودکشی کرلوں گا لیکن آئی ایم ایف نہیں جاؤں گا۔