ادے پور: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا اورعام آدمی پارٹی سے وابستہ مشہورسیاستدان راگھو چڈھا کی شادی ریاست راجھستان کے شہر اُدے پورمیں ہونے جارہی ہے،جس کیلئے مہمانوں کے علاوہ دولہے راجاادے پور پہنچ گئے ہیں۔ یہاں آج سے ہی شادی کی رسمیں شروع ہوجائیں گی،جبکہ شادی اتوار کو انجام پائے گی۔ بہت سے مداح راگھو چڈھا اور پرینیتی چوپڑا کے شادی کے جوڑوں کی تفصیلات جاننےکے لیے بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے راگھو چڈھا کے ماموں، فیشن ڈیزائنر پوون سچدیوا نے میڈیا کو بتایا کہ شادی کی تمام تقریبات کے لیے دلہا کے کپڑے میں نے ڈیزائن کیے ہیں۔اس سے قبل پرینیتی چوپڑا کے شادی کے جوڑے کے حوالے سے یہ خبر سامنے آ چکی ہے کہ وہ شادی پر منیش ملہوترا کا ڈیزائن کیا ہوا جوڑا پہنیں گی۔ واضح رہے کہ پرینیتی چوپڑا کی منگنی راگھو چڈھا کے ساتھ رواں برس مئی میں ہوئی تھی۔
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا اورسیاستدان راگھو چڈھا کی شادی کے لیے ریاست راجھستان کے شہر اودے پور میں’دی لیلا پیلس‘ اور ’تاج لیک پیلس‘ جیسے پرتعیش ہوٹل بک کروائے گئے ہیں۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق راگھو چڈھا اور پرینیتی چوپڑا نےاپنی شادی کی تقریبات اور شادی میں شریک مہمانوں کے ٹھہرنے کے لیے ان ہوٹلوں کے پرتعیش اور مہنگے ’سوئٹس‘ بک کروائے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی شادی کے لیے ہوٹل’دی لیلا پیلس‘ کا سب سے مہنگا ’مہاراجہ سوئٹ‘ بک کروایا گیا ہے جس کا 1 دن کا کرایہ 10 لاکھ روپے ہے۔ یہ سوئٹ 3500 مربع فٹ پر پھیلا ہوا ہے اور یہاں سے جھیل کا انتہائی خوب صورت نظارہ بھی دیکھنے کو ملتا ہے۔ پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی شادی کی تقریب اتوار 24 ستمبر کی دوپہر 3 بجے ہو گی۔